کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر صدارے والڈ سٹی پراجیکٹ کی عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس منعقد

42

ملتان 05 جون،(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر صدارے والڈ سٹی پراجیکٹ کی عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں والڈ سٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات، ایڈوائزر ٹو وزیراعلی پنجاب ندیم قریشی نے کہا کہ ملتان کی تہذیب و ثقافت کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کا تعاون حاصل ہے۔ملتان میرا شہر ہے اور اس کی مٹی سے مجھے انس ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کے سیاحت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے بارے اقدامات کئے جارہے ہیں۔مسجد ولی کی مرمت و تزین و آرائش کو بھی منصوبہ کا حصہ بنایا جائے گا۔کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ شہر ملتان کی عظمتِ رفتہ کو اجاگر کرنے اور تاریخی ورثے کو بحال کر کےسیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو اندرون شہر میں انسداد تجاوزات کیخلاف میگا کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کی تاریخی فصیل نئے اور پرانے شہر کا سنگم ہے، جس کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کر کے فیملی تفریح پوائنٹ بنایا جارہا۔منصوبے سے عوام کو روائیتی تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔دہلی گیٹ سے پاک گیٹ کے درمیان تاریخی فصیل کو خوبصورت لائٹس کے ساتھ روشن کیا جارہا ہے اور لوکل کلچر کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے کہا کہ ملتان کی صدیوں پرانی تہذیب اور فن تعمیر کو اجاگر کرنے کیلئے والڈ سٹی پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ملتان کے تاریخی ورثے کی حفاظت سمیت سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کی حکومت نے ملتان کے تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے مزید منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔  تمام تاریخی دروازوں، مزاروں اور عمارات کو صدیوں پرانے انفراسٹرکچر اور ڈیزائن کے مطابق دوبارہ اپ گریڈ کرنے بارے پلان کیا جارہا تا کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہ رکھا جا سکے۔ والڈ سٹی پراجیکٹ 251 ملین کا منصوبہ ہے جس کے پہلے مرحلے میں حرم گیٹ دروازے کی تاریخی حیثیت بحال کی گئ ہے۔ چوک حرم گیٹ پر شہریوں کے بیٹھنے کیلئے خوبصورت پویلین بھی تعمیر کیا گیا ہے جس کے ساتھ پبلک ٹوائلٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں مسافر خانہ کی اپ گریڈیشن کی گئ ہے۔جبکہ آخری فیز صرافہ بازار منصوبہ کی 100 میٹر پر محیط 80 دکانوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔صرافہ بازار کی بحالی پر 3 کروڑ30 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی اور ایک ماہ میں صرافہ بازار کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، والڈ سٹی پراجیکٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

اے پی پی/ملتان/ریحانہ