کوئٹہ، 28 جون (اے پی پی): محکمہ صحت اور عالمی ادارہ برائے صحت کے حکام کا اجلاس پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ عزیز احمد جمالی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ، کوویڈ سیل کے سربراہ ڈاکٹر غلام مصطفی، ای او سی کے زیلی پروجیکٹ کے نمائندے ڈاکٹر آفتاب خان کاکڑ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں کوویڈ اور پولیو کی مجموعی صورتحال اور ویکسینشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا اور ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت بلوچستان کے اشتراکی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد ڈبلیو ایچ او کی جانب سے محکمہ صحت بلوچستان کو قلعہ عبداللہ کے لئے ایک منی ایمبولینس، پانچ ہزار Glucantime انجیکشن، 94 کورونا ویکسین مراکز کے لئے آئی ای سی مٹریل، اور بولان میڈیکل کمپلیکس کے لئے بائیو سیفٹی کیبنیٹ فراہم کیا گیا۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ہیلتھ کئیر فیسلیٹیز کے لئے طبی معاونت پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا ۔ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ نے بلوچستان ہیلتھ ریفارمز کے لئے تاریخ ساز اقدامات پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ شعبہ طب سے ہی وابستہ لیڈر شپ کی بدولت بلوچستان کے ہیلتھ سیکٹر میں نمایاں بہتری آئے گی ۔