اسلام آباد،23جون (اے پی پی):ک ینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کاریوکی کیبوچی نے اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف نے اُن کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔بعدازاں جنرل رابرٹ کاریوکی کیبوچی نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران میری ٹائم سییکورٹی، استحکام اور باہمی تعاون کے معاملات زیرِبحث آئے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور خطے میں بحری سیکیورٹی اور امن کے لئے پاک بحریہ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر کے ممباسہ کی بندرگاہ کے حالیہ دورے کے دوران کی جانے والی مہمان نوازی پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں سربراہان نے مختلف دفاعی معاملات میں باہمی تعاون بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے اس حالیہ دورے سے امید کی جاتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان عموماً اور دونوں بحری افواج کے مابین خصوصاً باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔