گلگت، 05 جون (اے پی پی): عالمی یوم ماحولیات 2021 کے حوالے سے محکمہ تحفظ ماحول گلگت بلتستان کے زیر اہتمام شہر میں ماحول کے تحفظ کے لئے ایک آ گاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں سرکاری، غیر سرکاری تنظیمیں،قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، مختلف سکولوں کے اساتذہ،طلبہ،طالبات اور رضاکار وں شریک ہوئے۔
آ گاہی واک کا آغاز محکمہ تحفظ ماحول کے دفتر خومر گلگت سے ہوا جو ہیلی چوک جوٹیال گلگت پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحولیاتی سال 2021 اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔
شرکاء ریلی سے سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات،ماحولیات سمیر سعید،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حاجی ذولفقار اور ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول گلگت بلتستان شہزاد شگری نے خطاب کیا۔ مقررین نے ماحولیاتی سال 2021 اور ماحول کی اہمیت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے پاکستان کے اہم کردار کو دیکھتے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سال 2021 میں میزبانی کا اعزاز پاکستان کو دیا ہے اس لئے عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے دیگر محکموں کے ساتھ ملکر اس آ گاہی واک کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور اس کی حفاظت کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنے خطاب کے زریعے عوام سے اپیل کی ہےکہ وہ اپنے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے اپنا اخلاقی،سماجی اور قانونی فریضہ پورا کریں۔
مقررین نے گلگت بلتستان میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے گلگت بلتستان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول گلگت بلتستان شہزاد شگری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں پورے گلگت بلتستان میں خصوصی تقاریب اور آ گاہی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جہاں پر مقررین نے اپنے خطاب میں اس دن کی اہمیت کے حوالے سے خطاب کیا۔