گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی صوبہ کی تین  اعلی تعلیمی جامعات کیساتھ الگ الگ سینٹ اجلاس میں شرکت

25

پشاور،30 جون(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی ہدایت پر وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم اور اطلاعات وتعلقات عامہ کامران بنگش کی زیرصدارت بدھ کے روز انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز حیات آباد کے مالی سال کے بجٹ 2021-22 سے متعلق بورڈ آف گورنرز کااجلاس گورنرہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کی سفارشات پرآئی ایم سائنسز کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کے مالی امور اور بجٹ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ آئی ایم سائنسز کی مالی حالات مستحکم ہے اور وہ سر پلس میں جارہے ہیں جبکہ یونیورسٹی میں پنشن فنڈ سمیت دیگرمتعلقہ فنڈز بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ پنشن کی مد میں مذکورہ ادارے پر کوئی بوجھ نہیں ہے۔ اجلاس میں آئی ایم سائنسز حیات آباد کا مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ بعدازاں بدھ کے روز ہی صوبہ کی مزید 2 اعلی تعلیمی جامعات یونیورسٹی آف بونیراور یونیورسٹی آف لکی مروت کے الگ الگ سینٹ اجلاس منعقد ہوئے جس میں مذکورہ یونیورسٹیوں کے مالی سال 2021-22کے بجٹ منظوری کے لئے پیش کئے گئے،اجلاس میں مذکورہ دونوں یونیورسٹیوں کے بجٹ کی ترجیحات اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مالی سال 2021-22کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ مذکورہ اجلاسوں میں بونیر سے رکن صوبائی اسمبلی سید فخرجہاں، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد ادریس، سیکرٹری محکمہ ہائرایجوکیشن محمد داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیر احمد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف بونیر ڈاکٹرمحمدفاروق،  وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت پروفیسر ڈاکٹراورنگزیب خان، ڈائریکٹرآئی ایم سائنسز حیات آباد ڈاکٹر محمدمحسن خان کے علاوہ دیگر متعلقہ سینٹ اراکین نے شرکت کی۔