گورنر چوہدری محمد سرور  کاپنجاب کے 9 ڈویژن کیلئے آب پاک اتھارٹی کے 1538 منصوبوں کا اعلان

16

لاہور، 20 جون (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے اعزاز میں استقبالیہ، اس موقع پرگورنر پنجاب نے آب پاک اتھارٹی کے 1538 منصوبوں کا اعلان کیا۔

گورنر پنجاب  نے  کہا کہ پنجاب کے 9 ڈویژن میں شروع ہونے والے ان منصوبوں پر 5500ملین روپے خرچ ہو نگے ،صحت عامہ کے مقاصد کی تکمیل کے لئے ان منصوبوں کے ذریعے عوام کو صاف اور شفاف پانی فراہم کرنا ہے چنانچہ آب پاک کے منصوبوں میں کسی کوایک روپے کی بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دونگا  جبکہ صوبے بھر میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا حتی کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی عوام کو صاف پانی مہیا کیا جائے گا ۔

چودھری سرور نے کہا کہ مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں وہ کرپشن سے پاک پاکستان میں عوام کی حقیقی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل نے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کو منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

استقبالیہ میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری اور مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے علاوہ صوبائی وزراء میاں محمود الرشید،حسین جہانیاں گردیزی،ڈاکٹر اختر ملک ،میاں خالد محمود،نعمان لنگڑ یال ،فیاض الحسن چوہان ،عنصر مجید نیازی ،اجمل چیمہ ، چودھری ظہیر الدین  و دیگر نے بھی شرکت کی اور آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔