اٹک ؛8 رکنی ڈکیت گینگ  گرفتار، ملزمان دن کو پھیری اور گداگری کے روپ میں جائزہ لیتے ، رات کو وارداتیں کرتے تھے

861

اٹک، 06 جولائی (اے پی پی) : اٹک پولیس نے 8 رکنی خطرناک ڈکیت گینگ کو گرفتار کر کے پابند سلال کر دیا، ڈاکو دن کے وقت پھیری اور گداگری کے روپ میں جائزہ لیتے اور رات کے وقت وارداتیں کرتے تھے۔

 ترجمان اٹک پولیس کے مطابق لیاقت علی ولد احمد خان اور خالد محمود ولد محمد امین سکنائے کھرالہ کلاں فتح جنگ نے پولیس کو الگ الگ درخواستیں دیں کہ مورخہ 4اور 5جولائی کی رات کو ہم اپنے اپنے گھروں میں سو رہے تھے کہ اچانک مانا ولد اللہ یار،مٹھو ولد ظہور احمد،عثمان،مستانہ دیوانہ پسران لیاقت،اعظم ولد رحمت،منا ولد یعقوب،علی حیدر ولد خان سکنائے حافظ آباد اور اقبال ولد نظر محمد سکنہ اوکاڑہ اسلحہ کی نوک پر ہمیں خاموش کروا کر لیاقت علی کے گھر سے نقد رقم 95000 روپے معہ طلائی زیورات مالیتی 550000 روپے جبکہ خالد محمود سے نقد رقم 25000روپے اور طلائی زیورات مالیتی 230000 روپے  چھین لئے جن کو دونوں مدعیان نے پہچان لیا جو اکثر انکے علاقہ میں پھیری اور گداگری کے روپ میں گھوما کرتے تھے۔

 درخواست پر پولیس نے   فوری علاقہ کی ناکہ بندی کی اور  ایس ایچ او فتح جنگ نے اے ایس آئی شبیر احمد اور دیگر افسران کے ہمراہ مانا گینگ کی گرفتاری کیلئے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور گینگ کے تمام ممبران کو انتہائی قلیل وقت میں گرفتار کر کے آہنی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

اہل علاقہ نے اٹک پولیس کی اس کارکردگی پر خوب سراہا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا کہ تمام چور و ڈکیت گینگز کا خاتمہ اٹک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔