تمام محکمہ جات جشن آزادی کے حوالہ سے پروقار تقاریب ، ریلی اور چراغاں کا اہتمام کریں؛ڈی سی بہاولنگر شفقت اللہ کی ہدایت

13

بہاول نگر،29 جولائی (  اے پی پی  ): ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق نے کہا ہے کہ یوم آزادی پاکستان عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبہ سے منایا جائے گا،  اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات جشن آزادی کے حوالہ سے پروقار تقاریب ، ریلی اور چراغاں کا اہتمام کریں۔

 وہ آج اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں یوم آزادی پروگرامز کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کے ضلعی سربراہان موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ارض پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

 ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ جشن آزادی تقاریب کے تمام انتظامات اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں اور افسران و سٹاف جشن آزادی کی تقاریب میں جذبہ حب الوطنی سرشار ہوکر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔