مظفرگڑھ،14جولائی(اے پی پی): آج دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ گلوبل وارننگ ہے،خدشہ ہے کہ 50سے 200سال تک زمین کا درجہ حرارت اس حد تک بڑھ جا ئے گا کہ زمین پر زندگی مشکل ہو جا ئے گی یہ بات ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے مظفرگڑھ کے علاقہ خانپور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام ‘‘خدمت آپکی دہلیزپر’’ پروگرام کے تحت ہفتہ شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات کی اراضی پر پودے لگانے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زمین کو خطرہ یہ ہے کہ درخت کم ہو رہے ہیں ریگستان زیادہ ہیں جس سے بارش کم ہوتی ہے، فصلیں کم ہوتی ہیں، درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، کام کرنے کی صلاحیت کم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الا قوامی معیار یہ ہے کہ کسی بھی ملک کے کل رقبے کے 30فی صد رقبے پر جنگلات ہو نا ضروری ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں 6فی صد رقبے پر جنگلات ہیں، اس کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 10ارب ٹری کا منصوبہ دیا۔ اس کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ سول سو سائٹی اور میڈیا کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کریں۔
سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز مگسی نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے بتایا کہ ‘‘خدمت آپکی دہلیز پر’’ پروگرام کے تحت ہر ضلع میں 10ہزار پودے لگا ئے جا رہے ہیں جبکہ مظفرگڑھ میں ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کی قیادت میں محکمہ جنگلات اور سول سو سائٹی کی معاونت سے ضلع بھر میں ایک لاکھ 15ہزار پودے لگائے جائیں گے،جو قابل تحسین امر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے مون سون کے دوران ہر ضلع میں 100ایکڑ پر پودے لگائے جائیں گے، جنوبی پنجاب میں 7ہزار ایکڑ پر پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ویژن 10ارب ٹری کا ہدف 5سالوں میں مکمل لیا جا ئے گا۔ انہو ں نے کہا کہ لگائے جانے والے پودے کی نگہداشت بہت ضروری ہے، پودوں کو پانی کی فراہمی کیلئے سولر سسٹم لگانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع کے صنعتکاروں، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کی معاونت سے 115ایکڑ اراضی تیارکی جا رہی ہے جہاں ایک ہفتہ کے دوران ایک لاکھ 15ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ ایک ماہ میں 200ایکڑ اراضی پر 2لاکھ 50 پودے لگائے جائیں گے، یہ تمام وزیراعظم پاکستان عمران خان کے 10ارب ٹری منصوبے کا حصہ ہو نگے اور 5سالوں کے دوران ضلع بھر میں 10لاکھ لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی فراہمی کیلئے سولر سسٹم نصب کرجائیں تو یہ پودے 2سال میں تناوردرخت بن جا ئیں گے۔
بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، سیکرٹری جنگلات سرفراز مگسی، ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین، سول سوسائٹی کی نمائندہ ام کلثوم سیال نے پلکن کے پودے لگا کر خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب،سی سی ایف فیصل ہارون،اظہر کھگہ،ڈپٹی سیکرٹری جنگلات طارق سنانواں،ڈی او ایجوکیشن مہہ جبیں، ڈی ایف او نعمان ارشد سمیت محکمہ جنگلات کے افسران موجود تھے۔











