اسلام آباد، 23جولائی (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنیادوں پر کرانے کیلئے پرعزم ہے، انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہوگی۔
آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں اسمبلی حلقوں کی تعداد33 ہے جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں ہیں جن کے الیکشن کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں ، 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب قانون ساز اسمبلی کے انتخابی نتائج آنے کے بعد کیاجائے گا، آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات کے موقع پر امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔
فرحت علی میر نے کہا کہ رائے دہندگان کی مجموعی تعداد32لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے، پولنگ سٹیشنوں کو اے، بی اور سی کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹگری میں انتہائی حساس 829 پولنگ سٹیشن ہیں جبکہ بی کیٹگری کے حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد1200 سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارمل پولنگ سٹیشنوں کے مقابلے میں حساس پولنگ سٹیشنوں میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔
فرحت علی میر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیرکی تمام سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے پیش نظر پاک فوج اور دیگر سول آرمڈ فورسز کو الیکشن کے موقع پرپولنگ سٹیشنوں کے باہر تعینات کیا جائے گا، پولنگ کے عمل میں آرمی کا کوئی تعلق نہیں ہوگا ، پولنگ سٹیشنوں کے اندر ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کو کسی بھی ضرورت کی صورت میں طلب کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنیادوں پر کرانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیرمیں الیکشن عدلیہ کرا رہی ہے، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی نتائج مرتب کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران گنتی کرائیں گے اور نتائج کی کاپی پر سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹوں کے دستخط کرائے جائیں گے۔
رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اگر کسی رائے دہندہ کا شناختی کارڈ زائد المعیاد ہے تو اصل شناختی کارڈ دکھا کر وہ بھی ووٹ ڈال سکے گا۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن انتخابات کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرسکتا ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد17 لاکھ سے زیادہ جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد14 لاکھ سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیرکے 12 حلقوں میں انتخابی عمل کیلئے پاکستان کے الیکشن کمیشن کی معاونت حاصل ہے، یہ حلقے کئی کئی اضلاع پرمشتمل ہیں، جموں کے مہاجرین کا ایک حلقہ3 صوبوں کے 35 اضلاع میں پھیلا ہوا ہے اگر کہیں ایک یا دو ووٹ بھی ہیں تو وہاں بھی پولنگ بوتھ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات جوڈیشری کرا رہی ہے جس کیلئے جوڈیشل افسران اور دیگر سرکاری ملازمین کی خدمات لی گئی ہیں تاکہ انتخابی عمل کو صاف وشفاف اور آزادانہ ماحول میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کو مکمل بنانے اور ووٹنگ کی شرح بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
فرحت علی میر نے کہا کہ 25 جولائی کو آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن ہو رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے تناظر میں آزادکشمیر کے الیکشن حساس ہیں، مہاجرین کے 12 حلقوں میں بھی انتخابات ہو رہے ہیں، یہ وہ مہاجرین ہیں جو پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں تیرھویں ترمیم کے تحت مہاجرین کی نشستوں کو آئینی تحفظ دیا گیا، مہاجرین کے ووٹ پورے پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں، مہاجرین کے 12 حلقوں میں الیکشن کمیشن پاکستان معاونت کرتا ہے، مہاجرین کے حلقوں میں سیکورٹی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے، میڈیا شفاف الیکشن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے مظفر آباد کے چار امیدواروں کی نااہلی کی سفارش کی، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو نااہلی کی سفارش سے قبل سماعت کرنی چاہیے تھی، ڈی آر او کو امیدواروں کا موقف سننا چاہیے تھا، امیدواروں کا موقف سننے کیلئے ڈی آر او کو لکھا ہے۔
فرحت علی میر نے کہا کہ الیکشن میں امن و امان کیلئے فوج تعینات کی جا رہی ہے، تمام جماعتوں نے کہا کہ فوج کو امن و امان کی صورتحال کیلئے بلایا جائے، پاکستان آرمی کا پولنگ کے عمل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، آرمی پولنگ اسٹیشن کے خاص فاصلے پر کویک رسپانس فورس کے طور پر رہے گی، آزاد کشمیر میں الیکشن جوڈیشل افسران کروا رہے ہیں، پریزائڈنگ آفیسر تنائج کی کاپی پولنگ ایجنٹس کو دے گا، پریزائیڈنگ آفسران نتائج کی ایک کاپی وٹس ایپ پر الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران خصوصی سیکورٹی کے ذریعے آر او کو نتائج جمع کروائیں گے۔