وہاڑی،24جولائی(اے پی پی): آزاد جموں کشمیر الیکشن 2021کے سلسلہ میں ضلع بھر میں 5 پولنگ سٹیشنز9 پولنگ بوتھ قائم کر دئیے گئے ہیں،ضلع بھر میں کل ووٹرز کی تعداد123 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 64 اور خواتین ووٹرز کی تعداد59 ہے۔
اے پی پی سے گفتگو میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اصغر علی نے بتایا کہ تحصیل وہاڑی میں 82 ،بورے والا میں 38 جبکہ میلسی میں 3 کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، 98 ووٹ جموں کشمیر جبکہ 25 ووٹ وادی کشمیر کے لئے رجسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل وہاڑی میں3 پولنگ اسٹیشن جبکہ میلسی اور بورے والا میں ایک ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، ضلع وہاڑی کے ووٹرز کودو حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا حلقہ ایل اے 34 جموں 1۔ جس میں میلسی،بورے والا،کوٹ غلام قادر اور 461 ای بی کے پولنگ اسٹیشن شامل ہیں اور دوسرے حلقہ ایل اے 42 وادی کشمیر 3 ہے اس میں صرف وہاڑی سٹی کا پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایل اے 34 جموں 1 سے 14 امیدواروں میں جبکہ ایل اے 42 وادی کشمیر 3 سے 9 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔