لاہور، 24 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں فتح تحریک انصاف کی ہوگی، شام 7بجے لال حویلی کے باہر جیت کا اعلان کروں گا،وزیراعظم عمران خان اگلے 6ماہ میں پاکستان کی معیشت کا نقشہ بدل دیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نادرا میگا سنٹر ایجرٹن روڈ کے دورہ کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف جیت کر حکومت بنائے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا رونا دھونا اور سیاپا شرو ع ہو جائے گا، اپوزیشن نے ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی سیاست کو اس کی زبان تباہ کر دے گی جبکہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر رونا دھونا ڈال رکھا ہے۔برانڈڈ اشیا استعمال کرنے والے کس منہ سے غریبوں کا رونا رو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور اس کا خاندان لوٹ مار کر کے باہرچلا گیا ۔نواز شریف آج واپس آ نے کا اعلان کریں انہیں رینجرز اور فوج کی سیکورٹی فراہم کروں گا۔ نواز شریف جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4کی پیداوار ہیں میرا بس چلے تو ان بڑے چوروں کو سزا دینے کے لئے چین جیسا قانون لے آؤں ۔
شہباز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بھائی سے ڈرا ہوا بھائی ہے اور وہ سیاست میں لاپتہ ہے جبکہ مریم صرف سیاست کر رہی ہیں، شہباز شریف کا کام کسی کو مبارکباد یا اظہار تعزیت دینے تک رہ گیا ہے۔ (ن) لیگ کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے نواز شریف کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو اسے لے ڈوبی نواز شریف کس منہ سے کشمیریوں کی بات کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اصل کشمیری میں ہوں، ایسا شخص وزیر داخلہ ہے جس کا رشتہ لال حویلی سے لال چوک تک جڑا ہوا ہے ،نواز شریف تو مودی سے پگڑیاں بدلتے رہے اور آج لندن میں بیٹھ کر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے آزاد کشمیرکی انتخابی مہم میں ایسی زبان استعمال کی جس سے کشمیریوں کی دل آزاری ہوئی۔ کشمیری بہادر قوم ہے جو ڈوگرا راج سے اب تک لڑ رہی ہے اور کشمیری آزادی کے حق سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کا کیس دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں اور کشمیر کی جدوجہد آزادی میں پاکستان ان کے قدم بقدم ساتھ چلے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگلے 6ماہ اہم ہیں پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کر رکھی ہے جبکہ چین کے ساتھ ہماری دوستی لازوال ہے۔ داسو ڈیم پر جلد کام شروع ہوگا بھاشا ڈیم کی تعمیر سے بجلی وافر مقدار میں مہیا ہوگی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان وہ کام کرنے جا رہے ہیں جس سے ملک و قوم کی تقدیر بدل جائے گی وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو ایبسولوٹلی ناٹ کہہ کر بڑے لیڈر ہونے کا ثبوت دیا عام لیڈر ایسا بیان نہیں دے سکتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شور مچانے کے بجائے آئندہ الیکشن کی تیاری پر توجہ دے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں 4 ماہ سے انتخابی مہم جاری رہی جہاں اتنے بڑے حلقے نہیں ہیں اس کے مقابلے میں پاکستان کے قومی انتخابات میں حلقے بہت بڑے ہیں جس کے لئے انتخابی مہم میں زیادہ عرصہ درکار ہے۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ ابھی سے انتخابات کی تیار ی شروع کر دے ۔
انہوں نے کہا کہ ساس اور بہو کی لڑائی ہو تو اپوزیشن والے ڈی چوک آنے کا کہہ دیتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ اسلام آباد کو ہائیڈپارک نہ بنائیں۔ اپوزیشن میڈیا پر تقریریں کر رہی ہے اگر میڈیا کے ذریعے لیڈر بننا ہے تو میں سب سے بڑا لیڈر ہوں جبکہ میری ایک سیٹ ہے۔مولانا فضل الرحمن دو تین دفعہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ افغان بیٹی کا اغواء نہیں ہوا لاپتہ یا گمشدگی تھی افغان حکومت کو دعوت دی ہے کہ وہ آئے تو میں یہ ڈھونڈ نکال سکتا ہوں کہ گمشدگی کہاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرحد کے ساتھ 96فیصد باڑ لگا دی ہے رواں ماہ میں اسے 100فیصد کر دیں گے جبکہ ایران کے ساتھ 46فیصد باڑ لگا چکے ہیں ۔افغانستان کے مسائل ان کے اپنے ہیں جنہیں وہ خود حل کریں گے ۔
پریس کانفرنس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا افتتاح بھی کیا۔