آزاد کشمیر کی  عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت بدلنی ہے، 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی؛ وزیراعظم عمران خان

11

کوٹلی،23جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی  عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت بدلنی ہے،

امید ہے کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر لڑتا رہوں گا۔

 ان خیالات  کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے  جمعہ کو  یہاں کوٹلی میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام انتخابی جلسہ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا پیدائشی حق اقوام متحدہ نے دیا ہے، مقبوضہ وادی اور آزاد کشمیر کی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے،کشمیر کی جدوجہد زمین کے لئے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے لئے ہے، بھارت زیادہ عرصہ تک کشمیری عوام کے جزبہ حریت کے سامنے ٹہر نہیں سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شاندار استقبال پر کوٹلی کی عوام کا شکر گزار ہوں، ن لیگ اور پی پی پی سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے لوگوں کو غربت سے نکالنے کے لئے کیا اقدامات کئے، کیا دونوں سیاسی جماعتیں بتاسکتی ہیں کہ انہوں نے کشمیری عوام کا کیس لڑا، بھارت نے کبھی بھی مسلمانوں اور دیگر اقیلتوں کو برابر کا شہری نہیں سمجھا، بھارت میں اس وقت آر ایس ایس نظریات کے حامی اقتدار میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کتنی بار آر ایس ایس کی متعصبانہ سوچ کو بے نقاب کیا، کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے مودی کو نواز شریف نے اپنی نواسی کی شادی پر مدعو کیا، سابق پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے انکشاف کیا کہ نواز شریف نے انہیں بھارت پر تنقید سے منع کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن کرپٹ سیاستدانوں کا پیسہ ملک سے باہر ہوتا ہے انہیں دوسرے ملک کنٹرول کرتے ہیں، مغربی طاقتوں نے پی پی پی اور جنرل پرویز مشرف کے درمیان معاہدہ کرایا تھا، ہم عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد میں مصروف تھے دوسری جانب پیپلز پارٹی خفیہ طور پر اقتدار کے لئے معاہدے کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی کے لئے احساس اور کامیاب پاکستان پروگرامز کے ذریعے ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ہر غریب خاندان کے ایک فرد کو بلاسود قرضہ دیا جائے گا، پروگرام کے تحت مستحق خاندان کے ایک فرد کو فنی تربیت دی جائے گی، ہر غریب خاندان کے سربراہ کو صحت کے مفت بیمے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی ۔

 وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت بدلنی ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر لڑتا رہوں گا، امید ہے کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں بھی بڑی تبدیلی آئے، انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہے، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن ان کے ماتحت ہے، کوئی نگراں حکومت بھی نہیں ہے، اس کے باوجود دھاندلی کا شور مچایا جارہا ہے، آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیری کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں، کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا پیدائشی حق اقوام متحدہ نے دیا ہے، مقبوضہ وادی اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے، کشمیر یوں کی جدوجہد زمین کے لئے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے لئے ہے، بھارت زیادہ عرصہ تک کشمیری عوام کے جزبہ حریت کے سامنے ٹھر نہیں سکے گا۔

جلسہ سے وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور اور سینیٹر فیصل جاوید کے علاوہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے کوٹلی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں ملک یوسف، انصر ابدالی، ملک ظفر اور چوہدری محمد اخلاق نے بھی خطاب کیا۔