احساس ، کامیاب جوان پروگرامز سے متعلق شکایات کے حل کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، بیگم ثمینہ علوی

21

کراچی۔10جولائی  (اے پی پی):بیگم ثمینہ عارف علوی نے احساس اور کامیاب جوان پروگرام کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ درخواست دہندگان اور پروگراموں سے مستفید افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جامع طریقہ کار وضع کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں احساس پروگرام اور کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ مکالمہ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مکالمہ میں سماجی تحفظ کے پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اوردرخواست گزاروں اور مستفید افراد کو درپیش مشکلات  پر گفتگو کی گئی۔ اس مباحثے میں احساس اور کامیاب جوان پروگرام کے نمائندوں ، سول سوسائٹی کے کارکنوں کے علاوہ درخواست گزاروں اور پروگراموں سے مستفید ہونے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس اور کامیاب جوان پروگراموں کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کومالی معاونت کی فراہمی اور نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے پروگراموں کے طریقے کار کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ حکومتوں کے ان اہم پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افرادبھرپور طریقہ سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے درخواست دہندگان اور مستحق افراد کو بھی مشورہ دیا کہ وہ طے شدہ طریقہ کار پر عمل کریں اورمطلوبہ دستاویزات مکمل کریں تاکہ ان کی درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جاسکے۔ بیگم ثمینہ علوی نے پروگرام کے عہدیداروں پر زوردیا کہ ضرورت مند افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے صوبے بھر میں قائم مراکز کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ پروگرام کے عہدیداروں نے اس موقع پر بتایا کہ ایک سال قبل ڈور ٹو ڈور سروے کیا گیا تھا اور حاصل کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر مالی معاونت کے مستحق افراد کو احساس پروگرام میں رجسٹرڈ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹرڈا فراد کو رقم کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ جن خاندانوں کا پہلے مرحلے میں اندراج نہیں کیا گیا تھا وہ وضع کردہ نظام کے ذریعے اس پروگرام میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جن افراد کو موبائل فون کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں ان کو بار بار احساس مراکز کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ضروری کاروائی مکمل ہونے پر انہیں نقد رقم کی فراہمی کے بارے میں معلومات پر مشتمل ایک اور پیغام موصول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام نے درخواست گزاروں اور مستحق افراد کی شکایات  کے اندراج  اور ان کے حل کے لئے تحصیل سطح پر شکایات مراکز قائم کئے ہیں۔