افغانستان کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کی گہری نظر ہے ، ہم  خطے میں  امن   کے  خواہاں ہیں؛ چوہدری فواد حسین

6

اسلام آباد، 13 جولائی  (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کا پاکستان بغور جائزہ لے رہا ہے، ہمارا موقف بہت واضح ہے کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں تاہم اس ضمن میں عالمی برادری کی مدد درکار ہے، افغان گروپوں سے ہمارا رابطہ ہے اور افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے کردار کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے، بین الاقوامی برادری افغان مہاجرین کے مسئلہ پر پاکستان کا ساتھ دے، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس سے افغان باشندوں کو دوبارہ ہجرت کرنا پڑے۔

منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے، پہلے ہی تین ملین کے قریب افغان مہاجرین یہاں موجود ہیں، دنیا کو چاہئے کہ وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو، اس مسئلہ پر پاکستان کو بہت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے افغانستان میں حالات خراب ہو رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس کی وجہ سے افغان شہریوں کو دوبارہ ہجرت کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزارتیں اس معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے جامع پالیسی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پچھلے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو، اس کے لئے عالمی مدد درکار ہے، اس میں تعاون ہونا چاہئے تبھی ہم افغانستان کے معاملہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔