اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا ہےکہ انتخابات کے صاف شفاف اور آزادانہ ومنصفانہ انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے،انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج اور رینجرز تعینات ہوں گے۔ہفتہ کو چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کا اعلی سطح کا اجلاس کی۔اجلاس میں سینئر ممبر راجہ فاروق نیاز ،ممبر فرحت میر ،سیکرٹری محمد غضنفر کی شرکت کی،اجلاس میں آزادجموں و کشمیر سے دس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پاکستان میں موجود قانون ساز اسمبلی کے 12 حلقوں سے ریٹرننگ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ پاک فوج اور رینجرز انتخابات کے دوران سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے،آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن آزادانہ ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کرے گا،الیکشن کمیشن کے ارکان کسی قسم کے دباو کو خاطر میں نہ لائیں،تمام سیاسی جماعتیں ،وزراء ،قائدین ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،انتخابات کے دن فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔سینئر ممبر راجہ فاروق نیاز نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا،سوشل میڈیا کا دور ہے ہر چیز فوری رپورٹ ہو جاتی ہے ،آزادجموں و کشمیر کی عدلیہ نے انتخابات کے موثر انعقاد کے لئے ہمیشہ بہترین کام کیا ہے،چیف الیکشن کمشنر پاکستان اور نادرا کے مشکور ہیں۔ممبر الیکشن کمیشن فرحت میر نے کہا کہ انتخابات قومی فریضہ ہے سب نے ملکر کام کرنا ہے،الیکشن کمیشن کے ارکان نے کسی بھی دباو میں نہیں آنا،آزادجموں و کشمیر میں انتخابات کو منصفانہ بنانے کیلیے ادارہ تمام وسائل بروئے کار لائے گا،انتخابات کے دن امن و امان کو یقینی بنانے کیلیے کوئیک ریسپانس فورس بھی ہو گی۔