اٹک؛ شمالی وزیر ستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد وقاص کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کالو کلاں حضرو میں ادا کر دی گئی

234

اٹک، 02 جولائی  (اے پی پی) :شمالی وزیر ستان میں مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد وقاص کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کالو کلاں حضرو میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید سپاہی کومکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، شہید جوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد سمیت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور پاک فوج کے نوجوانوں نے شرکت کی۔

 نماز جنازہ سے تدفین تک کے لوگ پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ آباد کی نعرے بازی کرتے رہے، تدفین کے بعد پاک آرمی کے چاک وچوبنددستے نے شہیدکوسلامی دی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی،شہید کے ورثاء میں والدین،تین بھائی اور ایک بڑی بہن ہیں، ایک بھائی سہیل بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے رہا ہے، ان کا تعلق معروف آرائیں خاندان سے ہے، شہید کے بھائی کے مطابق محمد وقاص پاک آرمی کی یونٹ 18 FFمیں ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا جو اپنے ساتھی حوالدار محمد یونس اور دیگر فوجیوں کے ہمراہ دہشتگردوں کے ساتھ جرات وبہادری کے ساتھ مردانہ وار مقابلہ کیا اور ایک دہشگرد کو جہنم واصل کر نے کے بعد محمد وقاص اپنے سی او طاہر عزیز کو بچاتے ہوئے دہشگرد کی گولی کا نشانہ بن گیا تاہم محمد وقاص نے ہمت نہیں ہاری اور زخمی حالت میں بھی دہشتگروں کا مقابلہ کر تا رہا بالآخر محمد وقاص کو جب آرمی کے نوجوان ہیلی کا پٹر میں منتقل کر رہے تھے کہ ذخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔

ملک و ملت کے دفاع کیلئے شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد وقاص کے والد محمد سلیم نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں کہا  کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اللہ نے مجھے یہ اعزاز دیا ہے کہ میں شہید کا والد ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا بیٹا وقاص شہادت کے رتبے پر فائز ہوا ہے، میرے باقی تین بیٹے بھی ملک پر جان نچھاور کر دیں تو پرواہ نہیں، وطن اور پاک فوج کیلئے ہماری جانیں ہمیشہ حاضر ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہماری قربانی قبول فرمائے۔

شہید محمد وقاص کی عید قربان کیے بعد شادی طے تھی تاہم وہ عید قربان سے پہلے وہ خود مملکت خداداد پر قربان ہو گیا، شہید وقاص کی ایک بہن، دو بڑے اور ایک چھوٹا بھائی ہے، بہن اور بڑے دو بھائی شادی شدہ ہیں، شہید کے خاندان کے افراد نے اے پی پی کو بتایا کہ والدین نے عید الاضحی کے بعد اپنے لخت جگر کی شادی طے کر رکھی تھی۔