اٹک،17جولائی (اے پی پی) اٹک خورد پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ، 2 منشیات فروش گرفتار کر لیے گئے۔
ڈی پی او اٹک کی ہدایات کی روشنی میں سرچ پارک اٹک خورد پر قریب 11بجے رات منی ٹرک نمبری LES-927برنگ مہرون خیبرپختونخوا کی جانب سے آیا جسکو چیک کیا گیا تو ٹرک میں سے ٹوٹل85کلو منشیات جس میں 63کلو 600گرام چرس گردہ جبکہ 21کلو 600گرام افیون برآمد کر کے ٹرک میں سوار دو اشخاص محمد شہزاد ولد محمد عاشق اور ناصر شہزاد ولد عاجز علی ساکنائے لاہور کو گرفتار کرکے مقدمہ کا اندراج کر لیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود کا کہنا تھاکہ منشیات فرو شی جیسے گھناؤنے جرم کا راستہ روکنے اور اس مذموم دھندے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے اٹک پولیس تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور نوجوان نسل کی رگوں میں منشیات کا زہر انڈیلنے والے عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ پائیں گے۔