بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ پیداوار نہیں بلکہ ترسیلی نظام کی کمزوری ہے ، ہم اسے بہتر بنا رہے ہیں، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا پریس کانفرنس سے خطاب

12

اسلام آباد۔12جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور میں بجلی کے مہنگے معاہدوں کے باعث گردشی قرضہ 400 ارب روپے سالانہ بڑھ رہا ہے، بجلی کی ترسیل میں گذشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ہفتے شب و روز کی محنت کے بعد ساڑھے 24 ہزار میگاواٹ بجلی ترسیل کی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ پیداوار نہیں بلکہ ترسیلی نظام کی کمزوری ہے جس پر ن لیگ کے دور میں کوئی کام نہیں کیا گیا، ہم اسے بہتر بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔ حماد اظہر نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے لوڈ شیڈنگ واپس آنے کا دعویٰ کیا، بجلی کی لوڈ شیڈنگ پیداوار کی وجہ سے نہیں ترسیل کے نظام کی وجہ سے ہو رہی ہے، ہماری اوسطاً ترسیل کی گنجائش 24 ہزار میگاواٹ ہے جب ہم 24 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ترسیل پر جاتے ہیں تو بجلی کی ترسیل کے نظام میں خرابی پیدا ہوتی ہیں، ن لیگ نے اپنے دور میں مہنگے منصوبے تو لگائے لیکن ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 2 سال میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا، جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو اس وقت 20 ہزار میگاواٹ ترسیل کی گنجائش تھی، پچھلے ہفتے ہم نے دن رات محنت کر کے بجلی کی طلب کے مطابق ساڑھے 24 ہزار میگاواٹ بجلی ترسیل کی، آنے والے برسوں میں ترسیلی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ جن علاقوں میں بجلی چوری ہے وہاں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اس کے علاوہ ٹرپنگ، اوور لوڈنگ اور طوفان و آندھی کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا امکان ہو سکتا ہے۔