اسلام آباد،19جولائی (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان، بلغاریہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین معاشی، تجارت، تیل، گیس اور معدنیات میں تعاون کیلئے مواقع موجود ہیں، بلغاریہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر ایرینا گنچیوا سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور پارلیمانی روابطہ میں مزید تیزی لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان، بلغاریہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی، تجارت، تیل، گیس اور معدنیات میں تعاون کیلئے مواقع موجود ہیں، بلغاریہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان اور بلغاریہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پرمشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں،دونوں ممالک انسداد دہشت گردی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلغاریہ، یورپی یونین کی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی کا حامی ہے، دونوں ممالک کو پارلیمانی سطح پر روابط مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور معاشی شعبوں میں تعاون کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بلغاریہ کے سرمایہ کار گوادر میں بھی سرمایہ کاری سے استفادہ کر سکتے ہیں،تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں سے عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی،پارلیمانی سفارتکاری قوموں کو قریب لانے کیلئے ایک اہم ذریعہ ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی فورمز پر پاکستان اور بلغاریہ میں بہترین تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے،خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے امن واستحکام لازمی ہے،پاکستان خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
بلغاریہ کی سفیر نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو اہم قرار دیااور کہا کہ پاکستان بلغاریہ کیلئے اہم ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔











