گوادر،05 جولائی (اے پی پی): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت نے جو اقدامات کئے ان کی مثال نہیں ملتی،گوادر میں پہلی یونیورسٹی، ٹیکنیکل کالجز، خصوصی بچوں کے سکول، کالجز، ہسپتال اور لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سی پیک منصوبے کے مغربی روٹ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
گودار فری زون فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت نے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، گوادر کے حوالہ سے کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں کہ یہاں بنیادی سہولیات میسر نہیں، اعدادوشمار اور حقیقی صورتحال اس کے برعکس ہے، وفاقی حکومت نے گوادر اور بلوچستان کی ترقی کیلئے کثیر رقم خرچ کی ہے، گوادر میں پانی کی سہولت کی فراہمی کیلئے 180 کلومیٹر لمبی لائن بچھا رہے ہیں جس کی تکمیل جلد ہوگی۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ گوادر میں یونیورسٹی اور ٹیکنیکل کالج بنایا جا رہا ہے، جنوبی بلوچستان کی ترقی کیلئے خطیر رقم دی گئی ہے، بڑی بڑی شاہرات کے ذریعے صوبے کو باہم منسلک کیا گیا، سی پیک کے منصوبوں سے گوادر سمیت پورے بلوچستان میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایاکہ مغربی راہداری کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔