بورے والا ، 09 جولائی (اے پی پی ): نواحی آبادی محمد نگر کے رہائشی محنت کش ملک شبیر احمد کے مکان کی چھت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں اسکے دونوں بیٹے 10 سالہ عثمان اور 8 سالہ شرجیل ملبے تلے دب گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر دونوں بچوں کو ملبے سے نکال کر شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا جہاں 10 سالہ عثمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، معصوم بچے کی موت پر والدین غم سے نڈھال اور پورا محلہ سوگوار ہوگیاہے۔