توانائی کے تحفظ کے اقدامات پر موثر عملدرآمد سے توانائی کے بحران کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے؛ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز

15

اسلام آباد،7جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ توانائی کے تحفظ کے اقدامات پر موثر عمل درآمد سے ملک میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں بڑی حد تک مدد مل سکتی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی کے آلات سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین اوگرا، ایم ڈی نیکا اور نجی شعبہ سے پنکھوں، برقی موٹر اور گیزر جیسے آلات بنانے والی معروف کمپنیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر معیاری مصنوعات کے استعمال کی وجہ سے ہم توانائی کے قیمتی وسائل کو ضائع کررہے ہیں جو ملکی معیشت پر مضر اثرات ڈالنے کے علاوہ صارفین کی جیبوں پر بھاری پڑتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں بنائے جانے والے تمام آلات خاص طور پر پنکھوں، الیکٹرک موٹروں اور گیزروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کم توانائی استعمال کرنی چاہئے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کو اس اہم مسئلے پر مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ صنعت کاروں کے تعاون کے بغیر اس پالیسی پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا۔ اجلاس میں موجود نجی شعبے کے نمائندوں نے انہیں مکمل تعاون کی۔

اجلاس کے دوران گزشتہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں ، ملک میں کم توانائی استعمال کرنے والے آلات کی پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔