جمعہ کو کاروباری مراکز بند اور ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر دفاتر میں داخلے پر پابندی ہوگی؛ لیاقت شاہوانی

30

کوئٹہ، 15 جولائی (اے پی پی): حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ کراچی کے بعد بلوچستان میں کورونا کیسزمیں اضا فہ ہوا ہے، اپریل کے بعد اب جو لا ئی میں پھر 8فیصد شرح سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،یہی صورتحال رہی تو یہ شرح 22فیصد تک پہنچ سکتی ہے،  کل  تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے ویکسین نہ لگانے والے افراد پریکم اگست سے دفاتر اورعمارات میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

یہ بات انہوں نے آفیسرز کلب میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان میں بھی تشویشناک طور پرکورونا کی انڈین قسم ڈیلٹا کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، بلوچستان میں 16ڈیلٹا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں گوادر سے مزید سیمپل این آئی ایچ جائزے کے لئے بھیجوائے گئے ہیں، پوری دنیاکے ماہرین بتارہے ہیں کہ یہ قسم زیادہ جان لیوا ہے عید کی آمد ہے لوگ مویشی منڈیوں میں بھیڑ لگانے سے گریز کریں۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ لوگ خطرناک حالات میں بھی احتیاط نہیں کررہے، جو لمحہ فکریہ ہے، شہری سماجی فاصلوں کو یقینی بنائے تاکہ عیدالفطر کی طرح لاک ڈاؤن نہ لگانا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ آج جمعہ کو تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے،ویکسین نہ لگانے والے افراد پریکم اگست سے دفاتر اورعمارات میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

 انہوں نے کہاکہ حکومت نے دفاتر کے علاوہ کوئٹہ میں چودہ تجارتی مراکز میں بھی نئے ویکسینیشن سینیٹرز بنائے ہیں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔