اسلام آباد،2جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کے آم روایتی مارکیٹوں کے علاوہ اب آسٹریلیا اور جاپان میں بھی داخل ہورہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت آم کی پیداوار اور برآمدات کے بہتر فروغ کیلئے کسانوں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کی کوشش کرے گی،آم کی پیکنگ اور پراسسنگ سے متعلقہ خام مال کی درآمد پر ڈیوٹیز اور ٹیکس ختم کئے جائیں گے،ان کی زیر قیادت ایک اسپیشل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آم کے شعبے کی بہتر ترقی پر توجہ دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی سینٹورس کے تعاون سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام سینٹورس مال، اسلام آباد میں منعقدہ مینگو فیسٹیول کا افتتاح کر نے کے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آم کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور نمائش کنندگان سے انکو درپیش مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کی طرف سے مینگو فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے آموں کی برآمدت کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
پنجاب کے وزیر زراعت سید حسین جہانیا گردیزی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سینئر ممبران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کے علاوہ سعودی عرب، جرمنی، متحدہ عرب امارات، بیلجیئم، فلسطین، ایران، اردن، لبنان، بحرین، برونائی دارالسلام، آذربائیجان، قازقستان، بیلاروس، افغانستان اور نیپال کے سفارتکاروں نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔مینگو فیسٹیول سینٹورس مال میں 5 جولائی 2021 تک جاری رہے گا جس میں پاکستان بھر سے 40 کے قریب نمائش کنندگان نے اپنے اسٹال لگا کر آموں کی 160 اقسام کو نمائش کیلئے پیش کیا ہے جن میں 4 سے 5 اقسام شوگر فری ہیں۔