حکومت عام آدمی کی مشکلات میں کمی کے لیے اقدامات کررہی ہے؛ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

16

ملتان، 09 جولائی (اے پی پی ):گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کی مشکلات میں کمی کے لیے اقدامات کررہی ہے میرٹ اور انصاف کی سربلندی حکومت کا مشن ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے    سرکٹ ہاؤس ملتان میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران  کیا۔سابق صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سید اطہر شاہ بخاری کی قیادت میں وکلاءکے وفد نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور مختلف قانونی امور پر گفتگو کی ۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ قانون کی بالادستی،انصاف کی سربلندی کے لیے وکلاءکا کردار اہم  ہے ،جمہوریت کے فروغ کے لیے وکلاءنے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا  ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاءکو درپیش مسائل کے جلد حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 گورنر پنجاب سے ایل پی جی ڈیلرزایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے وفد نے بھی ملاقات کی، ایل پی جی ایسوسی ایشن کے وفد نے غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز کی تیاری کی نشاندہی کی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ایل پی جی معیاری سلنڈرز کو یقینی بنا رہے ہیں، غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی ہو گی جبکہ قانون کے دائرہ میں کام کرنے والے ایل پی جی ڈیلر کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر ایل پی جی ڈیلرز وفد نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

 گورنر پنجاب سے خواتین چیمبر کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت خواتین کو ان کا مقام دلانے کے لیے کوشاں ہیں، خواتین سے روا معاشرتی ناانصافی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں، خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں اوراسلام میں خواتین کو جو مقام دیا ہے کسی دوسرے مذہب میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین چیمبر کی تجاویز پرپیشرفت کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔۔

صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک بھی اس دوران موجود تھے ۔