حکومت پنجاب امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے: کمشنر ملتان

9

ملتان، 31 جولائی (اے پی پی ):کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا ہے حکومت پنجاب امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے، حکومت نے  امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے  گئے ہیں۔

محرم الحرام کے دوران سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر  نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن  کو محرم الحرام کے جلوسوں کی مرمت کا ٹاسک سونپا جاچکا ہے، عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوسوں کے روٹس پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے جبکہ واسا کو گٹروں کے ڈھکن تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نو اور دس محرم کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور کم وولٹیج کے سدباب کیلئے لکھا جارہا ہے۔

 آر پی اوسید خرم علی  نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز 910 جلوس، 3182 مجالس ہونگی، محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر مامور رہیں گے ۔

اجلاس میں شریک علماء کرام نے کہا محرم الحرام ہمیں برداشت،صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،امن کی فضا قائم رکھنے میں ہم سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نےکہا کہ معیاری کام کیلئے جلوسوں کے روٹس کی مرمت کا ٹھیکہ وقت پر دیا جائے۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد، سی پی او منیر مسعود مارتھ بھی ، ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، علماء کرام  اور ویڈیو لنک پر ڈی سیز اور ڈی پی اوز موجود تھے۔