مظفر گڑھ،یکم جولائی ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اس مالی سال میں یونیورسٹی آف مظفرگڑھ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے جس کیلئے 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، مالی سال 2021-22 میں یونیورسٹی کیلئے 10کروڑ روپے جاری بھی کردیئے ہیں۔ یونیورسٹی کے لئے قائد اعظم اکیڈمی آف ایجوکیشن ڈویلپمنٹ (سابقہ ایلیمنٹری کالج)کی عمارت تجویز کی گئی ہے، فراہم کردہ بجٹ میں عمارت کی تزئین و آرائش اور نئے بلاک کی تعمیر کا کام کیا جائے گا اور تعلیمی سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام(اے ڈی پی) برائے سال 2021-22کے تحت منظورہونے والے منصوبوں کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اے ڈی پی میں شامل منصوبوں کا سکوپ آف ورک 10جولائی تک تیار کیا جائے تاکہ ضلعی ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے اور منصوبوں کی منظوری دی جائے۔
اجلاس میں اے ڈی سی فنانس جام آفتاب حسین نے بتایا کہ اے ڈی پی برائے سال 2021-22میں مظفرگڑھ کے لئے 144ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کیلئے 11ارب 82کروڑ 85لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے، جس میں سے ایک ارب 43کروڑ 56لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں۔ اے ڈی پی برائے سال 2021-22میں سکول ایجوکیشن کے 8منصوبے، ہائر ایجوکیشن کے 8 منصوبے، سپیشل ایجوکیشن کا ایک منصوبہ، سپورٹس کا ایک منصوبہ، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے 10منصوبے، واٹر سپلائی کے 12 منصوبے، لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے 75منصوبے، روڑز کے 12منصوبے، آبپاشی کے 4منصوبے، پبلک بلڈنگ کے 6منصوبے، زراعت، وائلڈ لائف، سیاحت کے ایک ایک منصوبہ، جبکہ ریسکیو 1122اور آثار قدیمہ کے دو، دو منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین بھی موجود تھے۔