اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت کاروبار میں آسانیوں کو مزید فروغ دینے اور معاشی ترقی کے حصول کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز کا قیام یقینی بنا رہی ہے،ٹیکس کے نظام میں اصلاحات پر پیش رفت ا طمینان بخش ہے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کاروباری عمل میں مزید آسانیاں پیدا کرنے اور خصوصی طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور ملک میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام پر پیشرفت کے لئے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مختلف محکموں کی جانب سے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کو سراہا۔ان اقدامات میں کمپنیوں کی آسان اور تیز رجسٹریشن اور آن لائن منظوری شامل ہیں۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں منظور شدہ باقی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔وزیر اعظم نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تاجر برادری کی زیادہ سے زیادہ سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی معیار کی درجہ بندی کی حکمت عملی متعارف کرانے کے علاوہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مشورے سے کم شرح پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کے لئے اعلی بوٹ کیمپوں کے ساتھ ساتھ ہواوے اور سام سنگ جیسی بڑی ٹیک کمپنیوں کو راغب کرنے میں سپیشل ٹکنالوجی زونز اتھارٹی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ یہ نہ صرف ہنر مند پاکستانی آئی ٹی پیشہ ور افراد کو تربیت بلکہ باوقار روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ تمام مطلوبہ ایکو سسٹم کے ساتھ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ملک میں ٹیک بزنس کو فروغ ملنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ دوسرے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ایس ٹی زیز کے قیام کی طرف یکساں توجہ دی جائے۔