ملتان،8جولائی (اے پی پی ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وومن سینٹر کے پلیٹ فارم سے خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے کی بھر پور مہم جاری ہے ، بد قسمتی سے خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے کے لیے ماضی میں اقدامات نہیں کیے گئے لیکن تحریک انصاف کی حکومت وومن سینٹر کے قیام کے سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔
یہ بات انہوں نے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان میں وومن پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام،ہیلپ لائن 1737کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ جیسے ممالک میں خواتین اب تک اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت خواتین پر تشدد کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جس طرح سے اقدامات کر رہی ہے اس کے نتائج آپ کو جلد نظر آئیں گے ۔ہمارے معاشرے کی بیٹیاں تعلیم سمیت ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں جب بھی یونیورسٹیز میں کانووکیشن پہ جاتا ہوں وہاں پر 80فیصد بچیاں گولڈ میڈل حاصل کر رہی ہیں ۔اس سے زیادہ خوشی کی اور کیا بات ہے کہ لڑکیاں لڑکوں کی نسبت زیادہ کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خواتین کو تحفظ دینے کے لیے عملی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ کرپشن سمیت ہر معاملے پر سخت ایکشن لے رہے ہیں ۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ میں بھی ترقیاتی کام کروا رہے ہیں ۔اس کے علاوہ پورے پنجاب میں صاف پانی مہیا کرنے کے لیے 11فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کیا جائے گا ۔دسمبر کے آخر تک 76لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی ملے گا
۔چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ چدھڑ نے کہا کہ وومن سینٹر میں ایک چھت تلے خواتین کو تحفظ دے کر کیسز میں پیش رفت کی جاتی ہے ۔حکومت پنجاب کا 1737ہیلپ لائن شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جن خواتین کوہم تک پہنچنے میں مشکلات درپیش تھیں اب انہیں ہم خود صرف ایک فون کال پر ریسکیو کر کے تحفظ پہنچائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں اس سینٹر کو مزید فعال کیا جارہا ہے ۔ وومن سینٹر ملتان کی طرح اب لاہور ،راولپنڈی ،ڈی جی خان اور فیصل آباد میں بھی یہ سینٹرز بنائے جا رہے ہیں ۔ریسکیو کرنے والی خاتون 8سال کی عمر تک کے بچے کو بھی اپنے ساتھ رکھ سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہیلپ لائن پورے پنجاب میں فعال ہوگی کسی بھی ڈسٹرکٹ سے خواتین ہمیں کال کر سکتی ہیں ۔ وہاں ہماری ریسکیو ٹیم پہنچے گی ۔
اس موقع پر بیگم پروین سرور ،رکن صوبائی اسمبلی سبین گل ،صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ،صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی بھی موجود تھے ۔