دس ارب درخت لگانے کے ہمارے منصوبے کو دنیا سراہتی ہے، گلوبل وارمنگ سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے، ہم آنے والی نسلوں کے لئے بہترین ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں، وزیر اعظم

31

اسلام آباد،26جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے  موسم برسات کی شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پاکستانی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں، ہر پاکستانی کم از کم ایک درخت لگائے، شہروں میں کوئی جگہ خالی نظر نہ آئے، پاکستان ماحولیاتی تحفظ  اور گلوبل وارمنگ کے  منفی اثرات کم کرنے کے اقدامات میں لیڈ کررہا ہے۔  پیر کو  ایف نائن پارک میں  موسم برسات کی شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج موسم برسات کی شجرکاری مہم کاآغازکیاجارہاہے ۔ تمام پاکستانی اس میں شرکت کریں  اور ہر پاکستانی اگر کم از کم ایک درخت بھی لگائے تو بہت بڑا نقلاب آ سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں درختوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کئی ممالک سے پیچھے ہے۔ بھارت بھی ہم سے درختوں کی تعداد کے لحاظ سے آگے ہے۔ ماضی میں کسی حکومت نے اس طرف توجہ نہیں دی۔ اس کے ماحول پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔ گلوبل وارمنگ عالمی سطح پر بہت اہم  مسئلہ  بن چکا ہے۔ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے ، آلودگی  کم کرنے  اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئے لاہور ، پشاور اور کراچی سمیت ملک  بھر میں شجر کاری بے حد ضروری ہے ۔جنگلات کا رقبہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کے لئے اچھا  اور بہتر ملک چھوڑ کر جائیں۔ ہمیں ورثے میں جو ملک ملا وہ ماحول کے لحاظ سے بہتر تھا۔ انگریزوں نے بھی یہاں شجر کاری کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کو دنیا سراہ  رہی ہے۔ پاکستان گلوبل وارمنگ  کےمنفی اثرات کم کرنے کے  لحاظ سے دنیا کی قیادت کررہا ہے۔

وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ گھروں ، پارکس  سمیت تمام خالی جگہوں پر درخت لگائیں ۔ شہروں میں کوئی جگہ درختوں سے خالی نہیں ہونی چاہیے۔