رحیم یار خان: ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد،شہریوں کے مسائل سنے گئے

14

رحیم یار خان، یکم جولائی (اے پی پی ): ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد  کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سدرہ سلیم،  اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری نے شہریوں کے مسائل سنے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد  نے کہا  کہ عوام کیلئے ہر شعبہ میں آسانیان فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ویژن ہے، حکومت پنجاب مرحلہ وار ہر شعبہ میں موجود خرافات کا خاتمہ کر رہی ہے  جبکہ قدیم و بوسیدہ نظام کو ختم کر کے عوام دوست اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں جدید اصلاحات لاتے ہوئے مانیٹرنگ کا جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔

ڈی سی  نے کہا کہ  ریونیو عوامی خدمت سروسز کے ماہانہ انعقاد کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں، گزشتہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں 4ہزار 178 افراد نے رجوع کیا،3 ہزار 904 درخواستوں کو نمٹا دیا گیا جبکہ دیگر پر محکمانہ پیش رفت جاری ہے۔انہوں نے  کہا کہ  حکومت پنجاب کے اس اقدام سے شہریوں کو زمینی مسائل کے علاوہ متعدد سروسز ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں ۔