سکھر،09جولائی(اے پی پی ):سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے بڑھتے ہوئے بنیادی مسائل کے حل کیلئے پاکستان غریب عوام پارٹی کی جانب سے ضلع کے رہنما وقار علی سومرو کی قیادت میں ایوب گیٹ سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان غریب عوام پارٹی کے رہنما وقار علی سومرو نے کہا کہ سکھر انتظامیہ بلخصوص عوامی نمائندگان کی عدم توجہی اور مسلسل غفلت کے باعث شہری مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، شہریوں کی شکایات کے باوجود افسران اور عملے کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی نا اہلی کی وجہ سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہیں، نالیوں اور گٹروں کا پانی سڑکوں پر جمع ہے جبکہ صفائی ستھرا کے ناقص انتظامات ڈرینج سسٹم ناکارہ ہو جانے کی وجہ سے سکھر کی عوام پریشانی میں مبتلا ہے ۔
مظاہرین نے بالا حکام سے نوٹس لیکر صفائی کے نظام کوبہتر بنانے کا پرزور مطالبہ کیا۔
عوام پارٹی کے رہنماوں نظیر احمد،محمد یعقوب بلوچ سمیت پاکستان غریب عوام پارٹی کے کارکونوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔