سکھر: امتحانات میں موبائل فون نقل کا ذریعہ بن گیا ہے،پابندی کے باوجود طلبہ موبائل فون ساتھ لا رہے ہیں، سیکریٹری ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ

24

سکھر،28جولائی(اے پی پی): ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام بارہویں جماعت (انٹر) کے سالانہ امتحانات سکھر، خیرپوراور گھوٹکی اضلاع کے 101 امتحانی مراکز میں شروع ہوگئے ہیں، امتحانی مراکز میں 31756 امیدواروں سے پرچہ لیا گیا۔ امتحانات سکھر بورڈ کی جانب سے تشکیل دی گئی انسپیکشن ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مارے اور کئی امیدواروں کے موبائل فون ضبط کرلیے ہیں۔

اس موقع پر سیکریٹری سکھر بورڈ محمد رفیق پلھ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات میں موبائل فون نقل کا ذریعہ بن گیا تھا اس لیےاس بارپابندی کے باوجود موبائل فون لانے والے امیدواروں کے موبائل فون ہی ضبط کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نقل کی روک تھام کے لیے سکھر بورڈ کی جانب سے 21 انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں خواتین کی دو خصوصی ٹیمیں بھی شامل ہیں جبکہ امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کردیا گیا ہے، سکھر بورڈ کی جانب سے قائم کیے گئے 101 مراکز میں سے 51 خیرپور ،28 سکھر اور 22 گھوٹکی ضلع میں قائم کیے گئے ہیں۔