اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو چاہئے کہ وہ 25 ارب روپے کی لوٹ کھسوٹ کا جواب دیں، شہباز شریف کی پریس کانفرنس سے توقع تھی کہ وہ اپنی کرپشن کے حوالے سے وضاحت کریں گے، پی پی اور ن لیگ میں یہ چیز یکساں ہے کہ جو پیسہ پنجاب اور سندھ کو دیا گیا وہ لندن سے برآمد ہوا، گزشتہ تین سال کے دوران قومی احتساب بیورو نے 427 ارب روپے ریکور کئے، افغانستان کی صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں، افغانستان میں پائیدار امن کے لئے عالمی برادری نے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ صرف امن کا شراکت دار ہوگا، ن لیگ کی جانب سے آزاد کشمیر الیکشن میں قبل از وقت دھاندلی کا شوشہ سمجھ سے باہر ہے، آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پیپلز پارٹی کے صرف آٹھ امیدوار آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، مریم صفدر کو کشمیر کے حوالے سے کچھ علم نہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ہائی پروفائل مقدمات کے اوپن ٹرائل کی اپیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، ہم افغانستان کی صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، روس، چین سمیت عالمی طاقتیں افغانستان کے اندر پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح پالیسی بیان دیا کہ ہم امن میں تو پارٹنر ہوں گے لیکن تنازعہ میں پارٹنر شپ نہیں کریں گے، یہی اصول عمران خان نے طے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے اسی موقف کی حمایت کی۔ افغانستان کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے اور ہم اسی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر کے اندر پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو کشمیر الیکشن میں ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کر سکی ہے، اس کے علاوہ کوئی اور سیاسی جماعت وہاں پر تمام نشستوں پر امیدوار ہی نہیں کھڑے کر سکی، بلاول بھٹو کو جب پتہ چلا کہ کشمیر الیکشن میں ان کے امیدوار ہی پورے نہیں تو وہ وہاں سے بھاگ گئے۔ پیپلز پارٹی کے صرف آٹھ حلقوں میں امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن مہم میں بلاول بھٹو کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وہ مہم ادھوری چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کے پاس کوئی پالیسی نہیں، انہیں کشمیر کی تاریخ کا علم ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے کشمیریوں کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ مریم نواز کشمیر میں جو پرچار کر رہی ہیں اس کا نہ سر ہے نہ پائوں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ابھی سے الیکشن میں دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کر دیا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ کشمیر کے اندر ان کی سیاسی پوزیشن نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مریم نواز بھی الیکشن مہم سے راہ فرار اختیار کریں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں گیس اور بجلی کے بارے میں لمبی چوڑی گفتگو کی، ہمیں توقع تھی کہ وہ اس مقدمہ پر روشنی ڈالیں گے جس میں ایف آئی اے اور نیب تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ ہمیں بھی پتہ چلے کہ 25 ارب روپے کی یہ رقم اور اس کے بعد دوسرے کیسز بنے ہیں، ان میں ان کا جواب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہباز شریف سے پوچھا جاتا ہے کہ ان کے اکائونٹ سے اتنے پیسے کیسے نکلے تو ان کا جواب یہ ہوتا ہے کہ میں نے پنجاب میں میٹرو بنائی، جب ان سے پوچھا جائے کہ ان کے بیٹے پاکستان سے اربوں روپے باہر منتقل کر گئے ہیں تو ان کا جواب پانی کی سکیموں پر کام کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ میں یہ چیز یکساں ہے کہ جو پیسہ پنجاب اور سندھ کو دیا گیا، وہ لندن سے برآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جو پراپرٹیز ان کی سامنے آئی ہیں ان کا انکشاف پانامہ سے ہوا، ہمیں تو پتہ ہی نہیں کہ ان کی اور کتنی جائیدادیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 427 ارب روپے نیب ریکور کر چکا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ہائی پروفائل کیسز کی اوپن ٹرائل کی اپیل کرتے ہیں اس سے نظام عدل پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جوڈیشل ریفارمز پر کام جاری ہے، کریمنل جوڈیشل ریفارمز اور بڑی ریفارمز پر آئین میں ترامیم کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن الیکٹورل ریفارمز اور جوڈیشل ریفارمز پر ہمارے ساتھ آ کر بیٹھے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کی سرحد کے 90 فیصد علاقے پر باڑ لگا دی گئی ہے، اب اس پر نقل و حرکت ہمارے کنٹرول میں ہے، ہم کسٹم اور بارڈر کنٹرول کا نظام لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں افغان مہاجرین کی مربوط طریقے سے کیمپنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے لئے دعا گو ہیں۔