لاہور،5جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کے سوالات پر پابندی لگانا ایسا ہے جیسے انسان کی سانس پر پابندی لگا دینا ، جرنلسٹس اینڈ پروٹیکشن بل لا رہے ہیں ، بلاول سے کہیں گے امریکہ جانے سے پہلے اسے پاس کریں ۔
وہ پیر کو لاہور میں سندس فاونڈیشن کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے سندس فائونڈیشن ہسپتال میں تھیلیسیمیا کے زیر علاج بچوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جرنلسٹ پروٹیکشن بل لائی ہے، بلاول قائمہ کمیٹی انسانی حقوق سے پاس کرائیں تا کہ اس بل کو آگے بڑھائیں۔ صحافی، سیاستدان کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی باتیں وہ کر رہے ہیں جن کی باتوں پر کوئی یقین نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لئے ہم نے کوششیں کرنی ہیں، ملک پر بری نظر رکھنے والے بھارت کوبے نقاب کرتے رہیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ تھیلیسما کے ٹیسٹ کے حوالے سے قانون سازی کے ساتھ ساتھ احتیاط اور آگاہی بھی ناگزیر ہے، تھیلیسیما ایک موذی مرض ہے، اس مرض میں مبتلا بچوں کے والدین بھی قرب کا شکار رہتے ہیں، سندس فاؤنڈیشن کی ٹیم اچھا کام کرتی ہے انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں این جی اوز اچھا کام کر کے حکومت کا ہاتھ بٹا رہی ہیں۔