صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا،ایوان صدر کے احاطے میں تقریبا 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے

19

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ کو ایوانِ صدر میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا ۔مون سون شجرکاری مہم 2021ء کے تحت ایوان صدر کے احاطے میں تقریبا 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر پاکستان کو “صاف و شاداب” بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کے قدرتی حسن کو محفوظ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے ، آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینے کیلئے درخت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے ،نوجوان نسل اپنے گردونواح کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کے شمالی علاقوں کے خوبصورت مقامات کی جانب لاکھوں سیاح متوجہ ہوئے ہیں لیکن سیاحوں کو ماحول صاف رکھنے ، آلودگی پھیلانے سے اجتناب کرنے کیلئے تعلیم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ماحولیاتی نظام موسمیاتی تبدیلی ، گلوبل وارمنگ اور جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے خطرات درپیش ہیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں جنگلات میں اضافے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ دنیا کے مختلف حصوں میں گلیشیر پگھلنے اور سیلاب کا سبب بن رہی ہے۔ اس موقع پرمعاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے صدر مملکت کو مون سون شجرکاری کے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 50 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے جبکہ 10ارب ٹری سونامی کے پہلے مرحلے میں 2018 سے 2023 تک 3.296 ارب درخت لگائے جائیں گے ۔ملک امین اسلم نے کہا کہ شجرکاری مہم سے قدرتی ماحول کے تحفظ ، جنگلات میں اضافے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔