صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کی زیر صدارت اجلاس ، عیدالضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے جانے کے انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا

47

لاہور، 17جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عیدالضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے جانے کے انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عید کے موقع پر صفائی کے انتظامات سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، محکمہ بلدیات اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنیاں متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں اور صفائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے سے متعلق جامع پلان مرتب کیا جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کوپلان کے مطابق ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں جا کر خود انتظامات کا جائزہ لیں بڑا شہر ہونے کے باعث لاہورمیں صفائی کے حوالے سے چیلنجز زیادہ ہیں۔

 چیف سیکرٹری  نے عید کے موقع پر لاہور میں صفائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی اقدامات  کی ہدایت کی  اور کہا کہ  صفائی کے حوالے سے شکایات کا بر وقت ازالہ ممکن بنایا جائے۔

سیکرٹری بلدیات نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں صفائی کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور تمام سینٹری ورکرزاور عملہ کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید سے ایک روز قبل شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کا پلان تشکیل دیاہے، لاہور میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے 15لاکھ سے زائد ویسٹ بیگز تقسیم کئے جائیں گےاور مویشی منڈیو ں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے جبکہ یونین کونسلز میں قائم کیمپوں اور گھروں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم کا آغاز 19جولائی سے ہوگا،شہری شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1139پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔