ضلعی انتظامیہ” ہفتہ کورونا ایس او پیز” پر عملدرآمد کے لئے سرگرم

17

ملتان، 12جولائی(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ” ہفتہ کورونا ایس او پیز” پر عملدرآمد کے لئے پوری  قوت کے ساتھ میدان میں اتر آئی۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر کے معروف پلازے اور بڑے  ریسٹورنٹس کاروائی کی زد میں آ گئے اور مال آف ملتان، میک ڈونلڈ کینٹ، کے ایف سی ریلوے کلب، ٹیسٹی ریسٹورنٹ ڈیرہ اڈا سیل کر دیئے گئے ہیں، فاسٹ فوڈ سینٹرز اور ریسٹورنٹس رات12 بجے کے بعدکھلے رکھنے پر سر بمہر کئے گئے ہیں، رنگ علی پلازہ  کینٹ کو بھی تالے لگادیئے گئے ہیں۔ حکومت کی ہدایت کے برعکس رنگ علی میں رات10 بجے کے بعد بھی کاروبار جاری تھا۔ کورونا ایس او پیز نظر انداز کرنے پر 22 بسوں پر70 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے شہر کے معروف ریسٹورنٹس کی انتظامیہ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کر دی گئی ہے، وارننگ چائے خانہ، لندن کورٹ یارڈ، چاپرز سیلون، گلوریا جینز، ہنگری پیزا، فلیش پوائٹ کو جاری کی گئی ہیں۔

آج سے شادی ہالز، مارکیز، تھیٹرز اور سینما ہالز کی چیکنگ کا آغاز کیا جائے گا ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے شادی ہالز اورمارکیز انتظامیہ کو نئے حکومتی احکامات سے آگاہ کر دیا ہے، مدعو کئے گئے مہمانوں کے پاس ویکسینیشن کا ثبوت نہ ہونے پر میرج کلبز اورمارکیز کو سیل کر دیا جائے گا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تھیٹرز اور سینما ہالز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، شادی ہالز میں مہمانوں کی ویکسینیشن کا سٹیٹس انکے سیل فون پر1166 کے  میسج کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔ ویکسی سٹیٹس نمز کی ویب سائیٹ پر بھی چیک کیا جا سکے گا۔ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو70 فیصد پسنجر بٹھانے، ماسک کی پابندی کرنے اور بکنگ آفس میں سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات بھی  جاری کر دی گئیں ہیں۔