اٹک،16 جولائی (اے پی پی ):صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر نے کے لیے کوشاں ہے۔ ضلع اٹک میں عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو سہولت وآسانی میسر آئی ہے۔ ضلع بھر میں تمام منڈیوں میں کورونا ویسکی نیشن ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں پر عوام اپنی ویکسینیشن کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اٹک اور حسن ابدال کی مویشی منڈیوں کے دورے کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے دونوں مویشی منڈیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ افسران نے انہیں منڈیوں میں کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک چھے اضلاع کے دورے کیے ہیں جہاں پر کورونا ویکسینیشن ڈیسک قائم ہیں اور ان پر عوام اپنی ویکسی نیشن کروا رہے ہیں،ضلع اٹک کا مویشی منڈیوں میں کورونا ویکسینیشن ریٹ تمام چھے اضلاع سے زیادہ ہے، صوبہ بھر میں تمام مویشی منڈیوں میں کورونا ویکسینیشن سنٹر ز قائم کیے گئے ہیں اور یہاں پر آنے والے افراد اپنی ویکسی نیشن کروارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کورونا ایس او پیز پر عمل در آمد یقینی بنا ئیں۔
صوبائی وزیر نے مویشی منڈیوں میں قائم دیگر متعلقہ کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ بیوپاریوں اور خریداروں سے ان کے تاثرات جانے، جنہوں نے مویشی منڈیوں میں ضلعی انظامیہ کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات پر تسلی ظاہر کی۔ صوبائی وزیر نے ضلع اٹک کی مویشی منڈیوں میں عوام کو دی جانے والی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں انہوں نے سابق ایم پی اے ملک شاہان حاکمین خان کے گھر جا کر ان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہریار عارف خان، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال زونیرہ جلیل، اسسٹنٹ کمشنراٹک محمد سلیم راجہ،چیف آفیسر ساجد علی خان، محکمہ لائیو سٹاک کے افسران بھی موجود تھے۔