ضلع ملتان میں نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا پیپر ورک شروع ، 40 سے زائد  منصوبوں کے پی سی ون تیار کر لئے گئے

29

ملتان، 14جولائی(اے پی پی): ضلع ملتان میں نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا پیپر ورک شروع کردیا گیا ہے، 40 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون تیار کر لئے گئے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور قومی تعمیر کے تمام محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے اور واسا،کارپوریشن، پی ایچ اے،ایم ڈی اے، انہار،لوکل گورنمنٹ،ہائی وے اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے انجنئیر اجلاس میں شریک ہوئے۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون جمع کرانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ 124سکیموں کی نشاندہی کی جا چکی ہے ، جن منصوبوں کی نشاندہی کی جا چکی ہیں انکے پی سی ون اور ورکنگ پیپرز  تیار کئے جائیں۔

 علی شہزاد نے کہا کہ ورکنگ پیپر تیار ہونے کی صورت میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی منصوبوں کی منظوری دے گی اور  رورل ہیلتھ سنٹر قادر پور راں میں ٹراما سنٹر تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ٹراما سنٹر کے لئے محکمہ انہار کی9 کنال زمین حاصل کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر تحصیل کونسل میں ترقیاتی منصوبوں میں سست روی پر برہم ہوئے ۔انہوں نے کہا ضلع ملتان میں کنٹریکٹرز کا راج نہیں چلنے دونگا،  ترقیاتی منصوبوں کو کھٹائی میں ڈالنے والے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے۔انہوں نے حکومت کے معیار اور رفتار کے مطابق کام کرنے والے ٹھیکداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ بھی لیا۔انہوں نے کہا میپکو133ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہا ہے، میپکو 31 جولائی تک جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرے، ایس این جی پی ایل گیس سپلائی کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لئے متعلقہ محکموں سے جلد این او سی حاصل کرے۔

اجلاس میں شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، سیپ پروگرام کے تحت جاری سکیموں پر بھی پراگرس چیک کی گئی ہیں۔