ملتان،08جولائی(اے پی پی): ضلع ملتان میں قربانی کے جانوروں کے لئے 6 عارضی سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا مویشیوں کے عارضی سیل پوائنٹس کا دورہ کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں قربانی کے جانوروں کے لئے6 عارضی سیل پوائنٹس 10 جولائی سے فعال کر دیئے جائیں گے اور کہا ملتان شہر میں متی تل اور فاطمہ جناح ٹاون کے مقام پر قربانی کے جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے جارہے ہیں تحصیل صدر میں ہیڈ محمد والا اور موضع بلیل میں سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔
علی شہزاد نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی ایک ایک عارضی مویشی منڈی لگائی جائے گی مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا، مویشیوں کے عارضی سیل پوائنٹس پر پانی، بجلی اور چارے کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ پولیس، ریسکیو، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکمے سیل پوائنٹس پر کیمپ لگائیں گے اور کہا کانگو وائرس کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک جانوروں پر سپرے کے لئےضلع کے داخلی راستوں پرکیمپ لگائے گا، لائیو سٹاک سپرے کیمپ قادر پور راں، ہیڈ محمد والا، شیر شاہ اور بہاولپور روڈ پر لگائے جائیں گے۔