وہاڑی، 13جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے پروگرام “خدمت آپ کی دہلیز” کے تحت ضلع وہاڑی کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر بشر دو شجر کے سلوگن پر عمل پیرا ہونا ہوگا، وہاڑی کو سر سبز و شاداب اور خوبصورت بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے، اربن فاریسٹ وہاڑی کے ماحول میں خوشگوار احساس لائے گا اور آلودگی کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربن فاریسٹ میں مقامی اقسام کے تیار پودے لگائے جا رہے ہیں اور واکنگ ٹریک بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”خدمت آپکی دہلیز پر ” مہم کے تحت ہسپتالوں اور سکولوں میں بھی شجر کاری کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما زاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت شجرکاری مہم پر خصو صی توجہ دے رہی ہے، وزیر اعظم پاکستان کے بلین ٹری پراجیکٹ کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، ہمیں پودے لگانے کے ساتھ ساتھ انکی حفاظت بھی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اربن فاریسٹ ہمارے شہریوں کیلئے ایک بہتر ین تحفہ ہے،ہر شخص کو اپنے گھر کے سامنے پودے لگانا ہوں گے۔
زاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ پودے ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ پودوں کی پرورش، نشو ونما اور حفاظت کیلئے ہر شہری کو ذمہ داری کا ثبو ت دینا ہو گا
اس موقع پراے ڈی سی ریونیو اشفاق الرحمن، اے ڈی سی جنر ل خالد محمود گیلانی سمیت ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ اظہر حیات، بلاک آفیسر محمد ندیم ظفر اور دیگر افسران موجود تھے۔انہوں نے بھی پودے لگائے۔