عارف نظامی کا انتقال صحافت کے لئے بڑا نقصان ، ملک میں قانون سب سے طاقتور ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی عارف نظامی مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

27

لاہور ۔ 23جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے معروف صحافی عارف نظامی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارف نظامی نے صحافت میں جو چراغ جلائے ان کی روشنی پھلتی پھولتی رہے گی، مرحوم کی شعبہ صحافت میں بے پناہ خدمات ہیں، ان کا انتقال صحافت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مرحوم عارف نظامی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عارف نظامی مرحوم سی پی این ای کے صدر تھے، ان کا انتقال صحافت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، شعبہ صحافت میں مرحوم کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عارف نظامی نے صحافت میں جو چراغ جلائے ان کی روشنی پھلتی پھولتی رہے گی، پاکستان میں صحافت کا فروغ جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں، پوری قوم ان کے انتقال پر افسردہ ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کی صحافیوں اور میڈیا کے ساتھ کمٹمنٹ ہے، ہم اسے پورا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ اسلام آباد میں نور مقدم اور عثمان مرزا کیس کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری پولیس ان مقدمات میں موثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم ہر معاشرے میں ہوتے ہیں، جتنے بھی جرائم ہوئے ان سے موثر طور نمٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو انصاف ملا ہے، ان دو مقدمات میں بھی انصاف ملے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں قانون سب سے طاقتور ہے، آئین اور قانون کے تحت فیصلے ہونے ہیں، کسی کو مراعات نہیں ملنے والیں، انصاف ہوگا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم عارف نظامی کے گھر پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم عارف نظامی پاکستان کی صحافت کا ایک لازمی جزو تھے،

ان کے انتقال سے شعبہ صحافت ایک نامور صحافی سے محروم ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مرحوم عارف نظامی نے سادگی اور محنت کے ساتھ اپنا مقام بنایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔