نارووال۔13جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعائشہ غضفر نے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبزآزماہونے کے لئے مکمل تیاررہیں،محکمہ ریسکیو1122،سول ڈیفنس سمیت ایری گیشن ودیگر محکمے چاک و چوبند رہیں،لائیوسٹاک اور ہیلتھ اپنے سنٹرز میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظرلوگوں کو پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے اس حوالے محکمانہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے۔ انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ / ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزحسن نذیر،عثمان اکرم،عرفان مارٹن،سیکرٹری بورڈ و ڈسڑکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجنئیر عدنان نواز ، ایکسیئن ایریگیشن جنید بٹ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد عارف چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ۔محمد اسلم گھمن،سی ڈی اوعاصم ریاض واہلہ کے علاوہ میونسپل کمیٹیز کے سی اوز میونسپل کمیٹی ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔