شکرگڑھ، 12 جولائی (اے پی پی): عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شکرگڑھ کی مویشی منڈی میں رونق شروع ہو گئی ہے، دور دراز کے علاقوں سے لوگ اپنے جانور لے کر پہنچ رہے ہیں، جبکہ خریداروں کی بڑی تعداد بھی جانوروں کی خریداری کے لئے مویشی منڈی آنا شروع ہو گئی ہے۔ مویشی منڈی میں بیوپاریوں کی جانب سے زیادہ قیمتوں کے مطالبے کی وجہ سے خریدار کافی پریشان ہیں۔
خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس مرتبہ قیمتوں میں تیس سے چالیس فیصد اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، مویشی منڈی میں بہت سے ایسے جانور بھی لائے گئے ہیں جو دیکھنے میں اتنے خوبصورت ہیں کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد محض انہیں دیکھنے کے لئے آرہی ہے، بہت سے لوگوں کی خواہش ہے کہ انہیں خریدا بھی جائے، لیکن زیادہ قیمتوں کی وجہ سے بیشتر صرف انہیں دیکھ کر ہی گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔
بہت سے لوگ یہ شکوہ کرتے بھی نظر آتے ہیں، کہ اس بار جانوروں کی قیمتیں ان کی قوت خرید سے باہر ہیں، جس کی وجہ سے شاید وہ اس سال سنت ابراہیمی کی ادائیگی نہ کر پائیں، دوسری طرف جانوروں کو پالنے والے بیوپاری بھی اخراجات کا رونا روتے نظر آتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کو سنبھالنا بہت مشکل ھے، ان کے اخراجات بہت زیادہ ہیں، اور انکے لئے چارہ اور دوسری اشیاء اب پچھلے سال کی نسبت بہت زیادہ مہنگی مل رہی ہیں۔