فیصل آباد ؛ پاکستان بیت المال اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے مابین ایم او یو،100قابل بچے اور بچیوں کو سکالر شپ دیے  جائیں  گے

28

فیصل آباد، 09  جولائی  (اے پی پی):ایم ڈی پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے غریب گھروں کے  100قابل بچے اور بچیوں کو سکالر شپ دے گا تاکہ فیسیں نہ ہونے کی وجہ سے ان کا تعلیمی کیریئرمتاثر نہ ہو اور وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کریں،مستقبل میں سکالر شپس کی تعداد میں اضافہ بھی کریں گے۔

 وہ پاکستان بیت المال اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے مابین آڈیٹوریم ہال میں ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں غریب اور مستحق لوگوں کی امداد کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے اور بیت المال کے زیادہ فنڈ ز انہی شعبوں میں لگائے جا رہے ہیں۔صحت کے شعبہ میں کینسر، ہیپا ٹائٹس اور جگر ٹرانسپلانٹ کیلئے زیادہ امدادی رقم رکھی گئی ہے تاکہ جو غریب لوگ ان مہنگی بیماریوں کا علاج نہیں کروا سکتے ان کا علاج کروایا جائے۔اسی طرح تعلیم کے شعبہ میں ملکی سطح پر تمام یونیورسٹی اور کالجز میں غریب اور نادار طلباء کا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کیلئے امداد کی جا رہی ہے۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ 160شہروں میں 30ہزار سے زائد بچیوں کو ایمبرائیڈری، سٹیچنگ اور آئی ٹی کی تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ان کی نوکریوں کا بندو بست ہو سکے اور وہ باعزت روز گار کے ذریعے اپنے اور اہلخانہ کیلئے مدد گار ثابت ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال ملکی سطح پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے بھی پر عزم ہے۔اس سلسلے میں بیت المال ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ رہائش کا بندو بست بھی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بیت المال کی طرف سے بیوہ عورتوں کیلئے او ڈ بلیو ایس پی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس میں اگر بیوہ عورت اپنی ایک بیٹی کو سکول میں داخل کرواتی ہے تو اس کو 8ہزار روپے ماہانہ دیئے جارہے ہیں۔اگر وہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا سکول میں داخل کروائے تو اسے مجموعی طور پر 12ہزار روپے ما ہانہ دیئے جا ئیں گے تاکہ ان کی مالی مشکلات میں کسی حد تک کمی واقع ہو سکے۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی شاہد کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی انڈونمنٹ فنڈ سے فیصل آباد و گرد و نواح سے ذہین اور مستحق قابل بچوں و بچیوں کیلئے فیسوں میں مالی تعاون کرتی رہتی ہے تاکہ مستحق ذہین و قابل بچوں کی حوصلہ افزائی کر کے ان کی تعلیم و تربیت کا بندو بست جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ بیت المال پاکستان کے ساتھ دوسری بار 100طلباء و طالبات کی سکالر شپ کیلئے ایم او یو سائن کیا گیا ہے  تاکہ طلباء و طالبات بغیر کسی مالی پریشانی کے اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں۔

شاہد کمال نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی تعلیم کے لحاظ سے ورلڈ رینکنگ میں 300ویں نمبر پر ہے جبکہ ملکی سطح پر اس کا  شمار 5 ویں نمبر پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیت المال پاکستان کے تعاون سے آئندہ یونیورسل انٹر نیشنل ڈے بھی منائے جائیں گے۔

چیئر مین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ فیض اللہ کموکا نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم   عمران خان کے ویژن کے مطابق بیت المال کا محکمہ حقداران تک ان کا حق پہنچا رہا ہے۔اس سلسلے میں ملک ظہیر عباس کھوکھر کو اس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ وہ ایماندار ی سے غریبوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر احسن طریقے سے پہنچائیں۔ تقریب کے اختتام پر ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کے تعاون سے مستحق معذور طلباء و طالبات میں وہیل چیئر ز تقسیم کی گئیں۔