لاہور دھماکہ میں ملوث اہم ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں، کلبھوشن کے بعد یہ دوسرا بڑا ثبوت ہے؛ وفاقی وزیر  چوہدری فواد حسین کی   کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا  بریفنگ

16

اسلام آباد،6جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ لاہور بم دھماکے میں ملوث اہم ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں، کلبھوشن کے بعد یہ دوسرا بڑا ثبوت ہے، بلوچستان میں بھارت کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو کامیابی سے توڑا، بلوچستان کے ان ناراض رہنماؤں سے بات ہوگی جن کا بھارت سے رابطہ نہیں، دس سال میں پہلی بار کرنٹ اکائونٹ خسارے کی بجائے سرپلس ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر اپنی مکمل استعداد کے مطابق کام کر رہا ہے، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، بینک نجی شعبے کو ریکارڈ قرض فراہم کر رہے ہیں، ٹیکس محصولات 4.7 کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، جلد پاکستانی عوام کو چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دیں گے، 15 جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کرلیا جائے گا، پیپلز پارٹی کے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 7 سے 8 امیدوار ہیں، انتخابات میں شفافیت کے لئے اپوزیشن کو اصلاحاتی ایجنڈے پر کئی بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، سکردو اور گلگت ایئر پورٹس کو وسعت دینے کا مقصد انہیں سال کے 12 مہینے کھلے رکھنا ہے، ایئر رپورٹس پر خدمات کی فراہمی کا معاملہ سول ایوی ایشن سے الگ کر دیا گیا ہے، کابینہ نے سرکاری ملازمتوں کے لئے شفاف ٹیسٹنگ نظام وضع کرنے کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کابینہ نے سابقہ فاٹا کے اے لسٹ میں شامل تمام اضلاع میں تھری جی اور فور جی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، عالمی جریدے اکانومسٹ نے پاکستان کو کورونا کا مقابلہ کرنے والا بہترین ملک قرار دیا ہے۔

 وہ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جوہر ٹاؤن لاہور واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے پنجاب سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہا گیا اور تمام افسران، انٹیلی جنس اداروں، پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران کو مبارکباد دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی کچھ تفصیلات آئندہ چند ہفتوں میں سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے بعد یہ بھارت کا دوسرا بڑا نیٹ ورک تھا، بلوچستان میں بھی بھارت کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو کامیابی سے توڑا، جو لوگ اس میں ملوث تھے کافی حد تک گرفتار ہو چکے ہیں، اس کے نتیجے میں پاکستان کے اندر امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ گوادر کے دوران بلوچستان کے ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کا عندیہ دیا تھا، ان ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات ہوگی جن کا ہندوستان سے رابطہ نہیں ہے، اس حوالے سے بات چیت کے لئے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، ان شااللہ بلوچستان جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔

 انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ثمرات میں بلوچستان کو اہمیت حاصل ہے، وزیراعظم کا دورہ گوادر اس بات کی شہادت ہے کہ ہم سی پیک کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری پر اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 15 جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ مشین مکمل طور پر تیار کرلی جائے گی۔ مشیر برائے پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو گزشتہ اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک کابینہ کے 141 اجلاس ہوئے ہیں جن میں 3776 فیصلے لئے گئے۔ ان میں سے 3444 (91 فیصد) پر عمل درآمد ہو چکا ہے۔ 66 پر عمل درآمد جاری ہے، 123 پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی جبکہ 142 فیصلے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں سے متعلق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف وزارتوں سے متعلقہ زیر التوافیصلوں سے متعلق معاملات پر بھی تفصیلی طور پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے شمالی علاقوں میں بڑی تعداد میں سیاح جا رہے ہیں، گلگت کی پروازوں میں لوگوں کو زیادہ مسائل پیش آتے ہیں کیونکہ یہ ایئر پورٹ تمام موسموں کے لئے کار آمد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سکردو کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنا رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ سکردو اور گلگت بلتستان کے ایئر پورٹس کو تمام موسموں کے لئے کار آمد بنایا جائے۔ وزیراعظم نے سول ایوی ایشن کو ہدایت کی ہے کہ ایک منصوبہ لایا جائے جس کے ذریعے سیاحت سے متعلق ان ایئر پورٹس کو تمام موسموں کے لئے کار آمد ایئر پورٹس بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے ہوا بازی ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ معذور افراد کو جہازوں میں اتارنے اور چڑھانے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے لئے شفاف اور قابل اعتماد ٹیسٹنگ نظام لانے کے حوالے سے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے نظام جلد وضع کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ملازمتوں میں ٹیسٹنگ سروسز شروع کی تو اس میں بہت سی ٹیسٹنگ سروسز معیار کے مطابق نہیں تھیں۔ اس کی وجہ سے شکایت آ رہی تھی کہ ٹیسٹنگ سروسز ٹھیک نہیں ہیں۔ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں کے لئے شفاف ٹیسٹنگ نظام وضع کرنے کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ سروسز میں ٹیکنالوجی کو لانا اہمیت کا حامل ہے، ایک ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے جس میں شفافیت ہو۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ اجلاس میں گرین ایریاز کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔

چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وفاقی وزرائ، وزرامملکت و دیگر شخصیات کے پروٹوکول اور سیکورٹی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نظام کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پروٹوکول اور سیکورٹی کے حوالے سے سادگی کی ابتداانہوں نے اپنی ذات سے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سیکورٹی اور پروٹوکول کی وجہ سے عوام کو پہنچنے والی دقت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے اپنی نجی و سماجی مصروفیات تقریبا ترک کی ہوئی ہیں تاکہ ان کی آمدورفت کم سے کم ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزراکی سیکورٹی ضروریات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور ان ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور اسی تناظر میں موبائل سکواڈ کو ساتھ چلنے کی اجازت دی جائے گی۔

 انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ گاڑی پر جھنڈا لہرانے کے نظام کا بھی از سر نو جائزہ لیا جائے اور کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی پالیسی پیش کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی آرڈیننس 2021کی بھی منظوری دی۔ ان قوانین کا مقصد سول ایوی ایشن کی ریگولیٹری ذمہ داریوں اور ایئر پورٹس پر سروسز کی فراہمی کے شعبوں کو علیحدہ کرنا ہے تاکہ ان دونوں شعبوں کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے نتیجے میں ایئر پورٹس کے نظام میں کافی بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پیز) کے حوالے سے 30 جون 2021کو اختتام پذیر مالی سال کے لئے آر ایس ایم اویس حیدر اور لیاقت نعمان چارٹرڈ اکانٹنٹس کو مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سابقہ قبائلی علاقوں (انضمام شدہ علاقوں) میں تھری اور فور جی انٹرنیٹ کی سہولت کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سیکورٹی وجوہات کی بناپر اس علاقے میں انٹرنیٹ کی جدید سہولیات کی فراہمی میں دقت ہوئی تاہم باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں تھری جی اور فور جی کی سہولت مارچ 2019اور جنوری 2021میں بالترتیب بحال کر دی گئی تھی۔ دیگر علاقوں کے لئے بھی پی ٹی اے کی جانب سے ایک شیڈول مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ایک پٹیشن کے جواب میں عدالت کے سامنے بھی یہ شیڈول پیش کر دیا گیا ہے۔ کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں تھری جی فور جی کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، کسی بھی سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں تھری جی اور فور جی کی سہولت دینا ان علاقوں کے لوگوں کا بنیادی حق ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیف سٹی اتھارٹی ایکٹ 2021ئ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مینٹیننس آف پبلک آرڈر ایکٹ 2019ئ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیکورٹی آف ولنر ایبل اسٹیبلشمنٹس ایکٹ 2019ئ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سانڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ 2019اور مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنٹس ایکٹ 2019پر غور کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے تجویز پیش کی کہ اسلام آباد کے مدارس اور مساجد کے امام اور آئمہ کرام کو بھی خیبر پختونخوا کی طرز پر مشاہرے اور ان کی تربیت کے انتظام کیا جائے۔ کابینہ نے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس بلوچستان کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے محترمہ سحر زرین بندیال کو پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں تعینات کرنے کی منظوری دی۔ سی ای او پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی تعیناتی کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا ویکسین convidecia جو کہ Cansino Biologics Inc China کی تیار کردہ ویکسین ہے، کی ریٹیل پرائس 12168 (تین ڈوزز) مقرر کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر برائے منصوبہ بندی نے کابینہ کو کورونا وباکی صورتحال بالخصوص انڈین ویرینٹ کے پھیلا کے حوالے سے بریفنگ دی۔

 کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اکانومسٹ رپورٹ میں کورونا کے حوالے سے پاکستان کی کامیابیوں کے اعتراف پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے کووڈ کی خدمات کو سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن کی تعیناتی کے حوالے سے کابینہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے دوبارہ عمل شروع کیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کی ملکیت ملک کے طول و ارض میں واقع اراضی کے بہتر انتظام اور ان کو بہتر طور پر بروئے کار لانے کے حوالے سے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے قانون کی اصولی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بیورو برائے شماریات میں ممبر (سپورٹ سروسز) کی تعیناتی کے حوالے سے کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ تعیناتی کا عمل دوبارہ کیا جائے جس میں موجودہ ممبر بھی حصہ لینے کے اہل ہیں۔ اس میں قانونی مسئلہ یہ تھا کہ دوبارہ تقرری ہونی ہے اور دوبارہ تقرری کے لئے اشتہار آنا ضروری تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 17 جون، 18 جون اور 24 جون کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 17 جون 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے بجٹ کی تیاری کے دوران ٹیرف کے ضمن میں آنے والی بے قاعدگیوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اشیاپر لاگو ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کے حوالے سے نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ کے فیصلوں کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے مقامی طور پر تیار شدہ گاڑیوں (ہزار سی سی اور کم) پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے جبکہ ہزار سی سی سے اوپر والی گاڑیوں پر اے سی ڈی 7 سے کم کر کے 2 فیصد کرنے کی منظوری دی۔ آٹو انڈسٹری کے حوالے سے بقیہ تین تجاویز پر فیصلے ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیئے گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو آٹو پالیسی کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی، گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جی 20 نے پاکستان کا 1.121 ارب روپے کا ڈیٹ ری شیڈول کر دیا ہے، رواں ماہ 1.05 ارب ڈالر کا ڈیٹ ریلیف ملنے کی توقع ہے لہذا قرضوں کی ری شیڈولنگ میں 3.7 ارب ڈالر کا ریلیف ہمیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیورو آف شماریات کے تازہ ترین انڈیکس میں یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے، قیمتیں نیچے جا رہی ہیں، پرائس انڈیکس مستحکم نظر آنا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 24 جون 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کو معاشی عشاریوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکانٹ خسارہ (20 ارب ڈالر) ورثے میں ملا تھا لیکن تین سال کی کاوشوں کے نتیجے میں اب یہ اعداد و شمار مثبت ہو گئے ہیں، آج کرنٹ اکانٹ خسارہ صفر ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس وقت 100 فیصد آرڈرز بک ہیں، 2023تک اس شعبہ کے پاس اس سے زیادہ مال تیار کرنے کی گنجائش ہی نہیں ہے، اس سے ہماری برآمدات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس وقت ہمارے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہیں، اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں پچھلے سال کے مقابلے میں 5.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 116 ارب روپے سے زیادہ قرضہ پرائیویٹ سیکٹر کو دیا گیا ہے، یہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے، نجی شعبہ اس سے استفادہ کر رہا ہے۔ 4.7 ٹریلین کی ٹیکس وصولیاں ہوئیں جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں، اگلے سال ہمارے اہداف اس سے کہیں زیادہ ہیں، وہ بھی پورے ہوں گے۔

 ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے فیصلے ایک فرد کے نہیں ہوتے، تمام ادارے اس میں شامل ہوتے ہیں، اس کا ایک طریقہ کار موجود ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کا مسئلہ موجود ہے، ماضی میں کئی اداروں میں ڈیلی ویجز پر لوگوں کو بھرتی کیا گیا اور پھر انہی کو ریگولر کیا گیا اور پنشن دی گئی، سینکڑوں لوگ میرٹ کے بغیر بھرتی کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی پالیسی تباہ کن ہے، سندھ میں میرٹ کو نظر انداز کر کے بھرتیاں ہو رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ادارے بیٹھ گئے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا 2700 کلو میٹر بارڈر ہے، 90 فیصد علاقے پر باڑ لگا دی ہے، اس کے اندر گیٹس بنائے گئے ہیں۔ کوشش ہے کہ یہاں پاسپورٹ اور کسٹم کا نظام لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں مختلف مشکلات درپیش ہیں، وہاں لوگوں کی رشتہ داریاں ہیں، لوگوں کے گھر ہیں، ایک فیملی پاکستان اور دوسری افغانستان میں ہے، اس کو مینج کرنا چیلنج ہوگا۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ افغانستان کے اندر امن و امان سے معاملات طے پا جائیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکہ کے حوالے سے ہم ایک ڈوزیئر پر کام کر رہے ہیں، جونہی تحقیقات مکمل ہوں گی یہ ڈوزیئر عالمی اداروں کو بھیجا جائے گا۔

 ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جب پارلیمان میں خطاب کیا تو اپوزیشن کو دعوت دی کہ وہ آئے اور بیٹھے، اور انتخابی اصلاحات پر بات کرے۔ اپوزیشن الیکشن سے پہلے اصلاحات کے لئے تیار نہیں اور ہارنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی۔ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے مجموعی طور پر 8 امیدوار ہیں، جہاں ان کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں تو ہارنا تو ہے ہی، اسی وجہ سے ابھی سے انہوں نے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا امیدوار الیکشن جیتا، اسے خود بھی یقین نہیں آ رہا کہ وہ ایم این اے بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں ہارنے والا اپنی شکست تسلیم کرے اور جیتنے والے کو اطمینان ہو کہ وہ شفاف طریقے سے الیکشن جیتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے، ہم اس پالیسی پر کام کر رہے ہیں، اس کے اقدامات نظر بھی آ رہے ہیں۔