پشاور، یکم جولائی(اے پی پی): لنڈی کوتل کے کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نذیر اور میجر اسد ، خیبر دھماکے سے متاثرہ 5شہداء کے گھر گئے اور متاثرہ خاندان کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر لنڈی کوتل کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نذیر نے دھماکے سے متاثرہ شفیق آفریدی کے خاندان کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی اور لواحقین سے دھماکے میں متاثرہ مکان کی مرمت کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے پر آنیوالے اخراجات فرنٹئیرکور برداشت کریگا جبکہ متاثرہ مکان کے مضافات میں ایف سی فائرنگ رینج پر پابندی ہوگی اور ساتھ ہی متاثرہ خاندان کو ماہوار راشن کا فوڈ پیکج بھی فراہم کیا جائیگا۔
اس موقع پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نذیر نے متاثرہ خاندان سے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کیساتھ ایف سی اس غم میں برابر کی شریک ہے اور سیکورٹی فورسز متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے اور وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔