لودھراں: پروگرام ”خدمت آپ کی دہلیز پر”دوسرے مرحلے میں داخل،5 ہفتوں پر مشتمل مرحلہ یکم اگست تک جاری رہے گا

24

لودھراں،03جولائی (اے پی پی ):ضلع میں وزیرا علیٰ پنجاب کا عوامی خدمت کا انقلابی پروگرام ”خدمت آپ کی دہلیز پر”دوسرے مرحلے میں داخل، ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں  ڈپٹی کمشنرعمران قریشی کا کہنا  تھا کہ  خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کا دوسرا مرحلہ 5 ہفتوں پر مشتمل ہے، “خدمت آپکی دہلیز پر” پروگرام کا دوسرا مرحلہ یکم اگست تک جاری رہے گا، 28 جون سے سرکاری پانی کی ٹینکوں کی صفائی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر تبدیل کیئے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کچہری، حوالات کی صفائی اور سرکاری سکولوں کو  وائٹ واش بھی کیا جا رہا ہے، 5 جولائی سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا جبکہ عید قربان کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

ڈی سی  نے کہا کہ 12 جولائی سے شجرکاری مہم کی جائے گی،اس کے علاوہ کھیلوں کے گراونڈز کی لیولنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 19 جولائی سے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں عیدگاہوں کی صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے عمل کو فول پروف بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنرعمران قریشی نے کہا کہ26 جولائی سے روڈ سیفٹی ویک کے تحت سڑکوں کی مرمت، سپیڈ بریکر کاخاتمہ کیاجائیگا اور شاہراہوں پر لگے کرب سٹونز کو رنگ و روغن کیا جائے گا۔    انہوں نے کہا  کہ تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر کے ٹارگٹ تفویض کر دیے گئے ہیں جبکہ   تمام محکموں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا جبکہ    شہری ایپلی کیشن پر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ محکموں کی کارکردگی اور شکایات کے ازالہ کے  لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، چیف آفیسر تحصیل کونسل محمد سعید سمیت دیگر افسران  بھی  شریک ہوئے ۔